پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں قتل اور بھتہ خوری میں ملوث 37 ملزمان گرفتار

لیاری گینگ وار کے ملزم نعیم نے 5 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے


Staff Reporter December 12, 2013
سی آئی ڈی اور پولیس نے ایک دن میں 99 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 37 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث تھے، سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 99 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی پولیس نے 2 ملزمان افضل لنگڑا ولد یار محمد اور یوسف ولد ابوبکر کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان مفرور و اشتہاری تھے،سی آئی ڈی انسداد فرقہ ورانہ سیل کے انچارج فیاض خان نے بلدیہ ٹاؤن سے 2 ملزمان زبیر اور اسرار کو گرفتار کرکے 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے، حکام کے مطابق ملزمان سعید آباد میں ایک لڑکی کے قتل میں ملوث تھے، سی آئی ڈی کے مظہر مشوانی نے منگھو پیر سے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر نعیم ولد عباس کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں 5 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو گروپ سے بتایا جاتا ہے۔



علاوہ ازیں رینجرز نے یوسف گوٹھ، نیوکراچی سیکٹر فائیو اے فور ،مومن آباد،کھڈا مارکیٹ ، پھول پتی لین ، بغدادی ، چاکیواڑہ ، ککری گراؤنڈ، لیاری، بدر چوک ، اورنگی ٹاؤن، پاک کالونی ، بکرا پیڑی ،لائنز ایریا ، چنیسر گوٹھ، مجید کالونی، کرنال بستی، بھٹائی کالونی، مہران ٹاؤن، لاسی گوٹھ گلشن ضیا ، دستگیر ، پاکستان چوک ، اتحاد ٹاؤن ، ملیر کھوکھراپار، شاہ فیصل کالونی،باجوڑی پاڑہ اور لانڈھی میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں جبکہ بہادر یار جنگ روڈ، جامع کلاتھ مارکیٹ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، قذافی چوک اور بن قاسم میں اسنیپ چیکنگ کی۔

اس دوران مجموعی طور پر 32 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کو تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے بتایا کہ رینجرز نے 32 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمدکرلیا ، برآمد کیے گئے اسلحے میں ایس ایم جی اور اسنائپر رائفل بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا سندھ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 65 چھاپوں اور ایک پولیس مقابلے کے بعد 99 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔