دہری شہریت معاملہ؛ وزیراعظم کے معاون خصوصی تانیہ ایدروس اور ظفر مرزا مستعفی

ویب ڈیسک  بدھ 29 جولائی 2020
دہری شہریت پر تنقید کی گئی جس پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، معاون خصوصی

دہری شہریت پر تنقید کی گئی جس پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، معاون خصوصی

 اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے دہری شہریت کے معاملے پر استعفی دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے کہا کہ میری دہری شہریت کے باعث ریاست پر تنقید کی جارہی ہے جس سے ڈیجٹل پاکستان کا مقصد ماند پڑرہا ہے۔

تانیہ ایدروس نے کہا کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں بطور معاون خصوصی وزیراعظم کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنا استعفیٰ جمع کروادیا ہے تاہم ملک کی خدمت اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کو اپنی قابلیت کے مطابق جاری رکھوں گی۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ دہری شہریت سے متعلق حکومت پر تنقید کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستانی عوام بہتر صحت کی دیکھ بھال کے مستحق ہیں۔

https://twitter.com/zfrmrza/status/1288425632465137664

ظفر مرزا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ذاتی دعوت پر ڈبلیو ایچ او چھوڑ کر پاکستان آیا تھا اور میں نے ایمانداری اور پوری محنت کے ساتھ کام کیا، مطمئن ہوں اس وقت قومی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں کورونا دم توڑ رہا ہے،

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔