پائلٹوں کے جعلی لائسنس اسکینڈل، تحقیقات کا دائرہ وسیع

اسٹاف رپورٹر  بدھ 5 اگست 2020
 پائلٹس کو جاری لائسنس سے متعلق ڈیٹا کا فارنسک تجزیہ بھی کیا جائے گا ۔  فوٹو : فائل

 پائلٹس کو جاری لائسنس سے متعلق ڈیٹا کا فارنسک تجزیہ بھی کیا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

کراچی:  جعلی لائسنس پائلٹس اسکینڈل معاملے پر ایف آئی اے حکام نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے جعلی لائسنس کے معاملے پر تحقیقات تیز کردی اور اس حوالے سے پیش رفت بھی ہوئی ہے،ایف آئی اے نے لائسنس سے متعلق کچھ ریکارڈ جبکہ ملوث سی اے اے افسران کے خلاف تحقیقات سے متعلق 262 جعلی لائسنس پائلٹس کی تیار رپورٹ کے دستاویزات بھی حاصل کرلیے۔

سی اے اے میں جعلی لائسنس میں مدد دینے والے افسران کی کھوج لگانے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں،مذکورہ معاملے پرایف آئی اے حکام نے سی اے اے لائسنس برانچ کا ڈیٹا بھی حاصل کیا ہے، جس کے تحت پائلٹس کو جاری لائسنس سے متعلق ڈیٹا کا فارنسک تجزیہ بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت نے ایف آئی اے کو تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل جعلی لائسنس پائلٹس سے متعلق سی اے اے کے ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔