پاکستان کو انگلینڈ سے مختصر جوابی ٹور کی امید

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 6 اگست 2020
2022 سے پہلے ہی ٹی 20 سیریز کھیلنے کی خواہش ہے،وسیم خان۔ فوٹو: فائل

2022 سے پہلے ہی ٹی 20 سیریز کھیلنے کی خواہش ہے،وسیم خان۔ فوٹو: فائل

 لندن: پاکستان نے بھی انگلینڈ سے مختصر جوابی ٹور کی امید لگالی۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے برطانوی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کو2022 میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے مگر ہم اس سے قبل مختصر سیریزکی خواہش رکھتے ہیں، اس حوالے سے انگلش کرکٹ بورڈ سے بات بھی کی جائے گی۔

وسیم خان نے واضح کیا کہ یہ ایک چھوٹا قدم ہوگا مگر ہم امید کرتے ہیں کہ انگلینڈ مستقبل قریب میں ٹیم پاکستان بھیجے گا۔  بعد ازاں انھوں نے ’کرک انفو‘ سے گفتگوکرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ اپنی ایک ٹی 20 سائیڈ بھیج سکتا ہے، انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ فی الحال فیوچر ٹور پروگرام میں اس مختصر ٹور کیلیے وقت نکالنا بہت زیادہ چیلنجنگ ہوگا۔

وسیم نے ساتھ میں یہ بھی تجویز دی کہ انگلینڈ لائنز کا ٹور بھی اس حوالے سے ایک شاندار متبادل ہو سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔