نوبیاہتا دلہن کی زہر خوانی سے پُراسرار موت، سسرالیوں کے خلاف مقدمہ  

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 6 اگست 2020
 دلہن کے بھائی  نے الزام عائد کیا کہ میری بہن کو سسرال والوں نے زہر دے کر قتل کیا ہے ۔ (فوٹو، فائل)

دلہن کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ میری بہن کو سسرال والوں نے زہر دے کر قتل کیا ہے ۔ (فوٹو، فائل)

 کراچی: نیو کراچی بسم اللہ ہوٹل کی رہائشی نوبیاہتا دلہن سسرال میں زہر خوانی کے پراسرار واقعے میں زندگی کی بازی ہار گئی۔

اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان بیٹی کو سسرال والوں نے زہر دیکر قتل کیا ہے اور مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے میں درخواست دیدی ہے۔

اس حوالے سے دلہن کے بھائی توقیر قریشی نے بتایا کہ ان کی بہن 27 سالہ افشاں کا 2 سال قبل پھوپھی کے بیٹے جاوید سے نکاح ہوا تھا اور آٹھ روز قبل رخصتی ہوئی تھی۔  ابھی بہن کے ہاتھوں سے مہندی بھی نہیں اتری تھی کہ نئی نویلی دلہن نے کفن اوڑھ لیا۔

دلہن کے بھائی  نے الزام عائد کیا کہ میری بہن کو سسرال والوں نے زہر دے کر قتل کیا ہے اور بہن کے قتل کا مقدمہ اس کے شوہر جاوید، ساس اور نند کے خلاف درج کروانے کے لیے نیو کراچی تھانے میں درخواست دے دی ہے۔

مقتولہ کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم بھی کروایا گیا ہے جس کی ابتدائی رپورٹ میں موت کا سبب  زہر بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب  ایس ایچ او نیو کراچی طاہر حسین سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی افشاں کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ دو دن کے بعد آئیگی تاہم پولیس اہلخانہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر مقدمہ درج کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔