نیب نے مریم نواز سے 1440 کنال اراضی کی رسیدیں مانگ لیں

طالب فریدی  جمعـء 7 اگست 2020
زمین خریدنے کے لیے رقم کہاں سے آئی، اراضی کی خریداری پر کتنا ٹیکس اور کتنی ڈیوٹی دی، نیب

زمین خریدنے کے لیے رقم کہاں سے آئی، اراضی کی خریداری پر کتنا ٹیکس اور کتنی ڈیوٹی دی، نیب

 لاہور: قومی احتساب بیورو نیب لاہور نے مریم نواز سے 1440 کنال اراضی کی رسیدیں مانگ لیں اور تمام دستاویزات 11 اگست کو ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے۔

نیب کی جانب سے مریم نواز کو مختلف موضع جات میں حاصل کی گئی اراضی سے متعلق تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان سے پوچھا گیا ہے کہ زمین خریدنے کے لیے رقم کہاں سے آئی، اراضی کی خریداری پر کتنا ٹیکس اور کتنی ڈیوٹی دی۔

1 ہزار 4 سو کنال میں سے اگر کوئی زمین فروخت کی گئی ہے تو اسکی تفصیلات بھی فراہم کریں، زمین کس مقصد کےلیے کمرشل یا پھر زرعی کاشت کےلیے استعمال کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی اراضی کیس؛ نیب نے مریم نواز کو 11 اگست کو طلب کرلیا

نیب کے مطابق مریم نواز نے رائے ونڈ میں خلاف قانون اراضی انتہائی سستے داموں خریدی۔ شریف خاندان کیجانب سے دوہزار تیرہ میں 3 ہزار 5 سو 68 کنال اراضی خلاف قانون خریدی۔ سب سے زیادہ زمین 1 ہزار 9 سو 36 کنال نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم بی بی کے نام منتقل ہوئی۔

نواز شریف اور شہباز شریف کے نام 12 ،12 ایکڑ زمین منتقل ہوئی جس میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا۔

2015 میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے توسط سے لاہور کا ماسٹر پلان تبدیل کروایا گیا اور شریف فیملی کی زمین کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لئے تمام رقبے کو گرین لینڈ قرار دے دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔