پاکستان میں مقیم مزید 83 بھارتی واپس چلے گئے

آصف محمود  منگل 11 اگست 2020
ہماری شادیاں انڈیا میں ہوئیں، بھارت ویزے نہیں دے رہا، حمیرا جبار، افشاں سیف

ہماری شادیاں انڈیا میں ہوئیں، بھارت ویزے نہیں دے رہا، حمیرا جبار، افشاں سیف

 لاہور: کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں مقیم بھارتی شہریوں میں سے مزید 83 گزشتہ روز واپس چلے گئے۔

شیڈول کے مطابق 118 بھارتی شہریوں نے واپس جاناتھا تاہم 35 بھارتی بروقت واہگہ سرحد نہ پہنچ سکے،سفارتی ذرائع نے بتایا کہ بھارت سے پاکستان آئے 350  افراد پاکستانی ہیں، جو مختلف وجوہات پرپاکستان چھوڑچکے ہیں، اب این او آر آئی (نوری) ویزا پر پاکستان آئے ہیں، ان میں زیادہ ترخواتین ہیں جن کی شادیاں انڈیا میں ہوئی ہیں۔

بھارتی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو توواپس جانے کی اجازت دیدی لیکن این اوآرآئی ویزاپر آنیوالے شہریوں کی واپسی کا شیڈول فائنل نہیں کیا۔

منڈی بہاء الدین کی حمیرا جبارنے بتایا کہ ان کی شادی الہ آباد میں ہوئی ہے، وہ شادی کے چند ماہ بعد اپنے میکے آئیں تو یہاں لاک ڈاون ہوگیا۔ انہوں نے دوباربھارتی سفارتخانے میں ویزا کے لئے درخواست دی مگر تاحال ویزا نہیں ملا۔

ادھرالہ آباد میں ان کے شوہر فیصل ابراہیم نے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ ان کی والدہ کی طبیعت انتہائی ناساز ہیں وہ چاہتے ہیں کہ ان کی اہلیہ پاکستان سے جلد واپس آ جائے۔

کراچی کی افشاں سیف نے بتایا کہ ان کی شادی انڈیا میں ہوئی تھی، لیکن ابھی تک بھارتی شہریت نہیں ملی، وہ اپنے دو بیٹوں اور ساس کے ساتھ کراچی آئیں،ان کی ساس اجازت ملنے کے بعد واپس چلی گئیں، نوری ویزا پرپاکستان آنے والوں نے بھارتی سفارتخانے سے اپیل کی ہے کہ ان کی واپسی کا شیڈول بھی فائنل کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔