کراچی آپریشن ہرصورت جاری رہے گا شرجیل میمن

3 ماہ میں رینجرز اور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کا نیٹ ورک تباہ کردیا


Staff Reporter December 13, 2013
رینجرز اور پولیس کے حوصلے بلند ہیں،لانڈھی میں رینجرز پر حملے کی شدید مذمت فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے لانڈھی میں رینجرز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے کراچی میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

رینجرز اور پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کسی بھی قسم کی دہشتگردی سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔ جمعرات کو جاری اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ لانڈھی میں رینجرز کی گاڑی پر حملہ دراصل کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کو روکنے کی سازش ہے،3 ماہ کے دوران رینجرز اور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے بڑے نیٹ ورک کو تباہ کردیا اور اب بھی ہماری فورسز اس شہر اور صوبے میں قیام امن کے لیے کوشاں ہیں، کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گا اور یہ آپریشن کسی بھی صورت میں ختم نہیں کیا جائے گا ۔



شرجیل میمن نے کہا کہ فورسز پر بزدلانہ حملے کرنے والے شاید یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی اس طرح کی بزدلانہ وارداتوں سے ہمارے رینجرز اور پولیس کے جوان پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے کیونکہ ہماری فورسز کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نبردآزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انھوں نے سانحہ میں شہیدہونے والے رینجرز اہلکار کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے اور زخمی اہلکاروں کے مکمل علاج معالجے کی ہدایات کی ہیں ۔ انھوں نے آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز سے واقع کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے احکام بھی دیے۔