انڈر 19 کرکٹ چیمپئن کا تاج لاہور شالیمار کے سر سج گیا

کراچی بلوز کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ناکام، وقاص مین آف دی میچ


Sports Reporter December 14, 2013
شالیمار کو 104 رنز کا ہندسہ عبور کرنا تھا جو اس نے مزید 4 وکٹوں کا نقصان برداشت کرتے ہوئے حاصل کرلیا۔فوٹو:فائل

ریجنل/ ڈپارٹمنٹل کرکٹ چیمپئن کا تاج لاہور شالیمار کے سر سج گیا۔

فائنل میں کراچی بلوز کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست کا شکار ہوگئی، شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد وقاص مرد میدان قرار پائے، ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین اور وکٹ کیپر کا اعزاز لاہور راوی کے امیر حمزہ کو ملا، بیسٹ بولر اسی ٹیم کے فرحان ناظر قرار پائے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق میرپور اسٹیڈیم آزاد کشمیر میں فیصلہ کن معرکے میں فتح کیلیے کراچی بلوز کو5 وکٹیں درکار تھیں، دوسری طرف شالیمار کو 104 رنز کا ہندسہ عبور کرنا تھا جو اس نے مزید 4 وکٹوں کا نقصان برداشت کرتے ہوئے حاصل کرلیا، جمعے کو پہلے سیشن میں لاہور کے کامران شوکت 9 رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ کر ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کرگئے، ٹیل اینڈر محمد رمیز نے ناقابل شکست44رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلانے میں مدد فراہم کی،علی مصطفیٰ 26 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹسمین رہے، محمد وقاص نے 40 کے عوض3 جبکہ غلام حسین نے 35 رنز دیکر 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔



اس سے قبل کراچی بلوز کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 173 رنز بنائے تھے، محمد وقاص 99 کے ساتھ نمایاں رہے، لاہور نے 247 رنز اسکورکیے، کراچی کی ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک بار پھر وقاص کی عمدہ اننگز کی بدولت247 رنز بنا کر لاہور کو فتح کیلیے174 رنز کا ہدف دیا جو اس نے بمشکل آخری وکٹ پر پورا کیا۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 4 لاکھ اور رنرز اپ کو 2 لاکھ روپے انعام دیا گیا،شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مین آف دی میچ محمد وقاص 40 ہزار روپے کے حقدار ٹھہرے، ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین اور وکٹ کیپر کا اعزاز لاہور راوی کے امیر حمزہ نے حاصل کیا، انھیں 80 ہزار روپے ملے۔ لاہور راوی کے فرحان ناظر اور حیدر آباد کے شیران ملک نے مشترکہ طور پر بہترین بولر کااعزاز پایا، انھیں 20,20 ہزار روپے سے نوازا گیا، بہترین فیلڈر لاہور شالیمار کے فہد عثمان 40 ہزار انعام پانے میں کامیاب ہوئے۔