اہداف حاصل کرلیے شکست پر حفیظ کی نرالی منطق

نئے کھلاڑیوں کی آزمائش کرلی، ورلڈ ٹی 20 کیلیے سلیکٹرز کا کام آسان ہوگیا، کپتان


Sports Desk December 15, 2013
دبئی: پاکستانی کپتان محمد حفیظ اور سری لنکن قائد دنیش چندیمل کا ٹرافی تھامے پوز، دونوں ممالک کے درمیان ٹوئنٹی20 سیریز1-1سے برابر رہی۔ فوٹو: رائٹرز

ٹوئنٹی20 کپتان محمد حفیظ نے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹوئنٹی 20 میں شکست سے بھی مثبت پہلو ڈھونڈ لیا۔

انھوں نے نرالی منطق دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سیریز میں اپنے اہداف حاصل کرلیے، نئے کھلاڑیوں کی آزمائش کرلی، اب میگا ایونٹ کیلیے سلیکٹرز کا کام آسان ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹوئنٹی 20 میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،آئندہ برس مارچ میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل ٹیم کا یہ اس فارمیٹ میں آخری مقابلہ تھا، حفیظ نے کہاکہ ہمیں اس سیریز سے جو چاہیے تھا وہ مل چکا، یہ ایک اچھی علامت ہے کہ نوجوان کرکٹرز ٹیم میں آ کرعمدہ پرفارم بھی کررہے ہیں، ہم یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ ینگسٹرزکیا کرسکتے ہیں، اب ہم میگا ایونٹ کیلیے موزوں کمبی نیشن تیار کرنے کے قابل ہیں، اس سے سلیکٹرز کا کام بھی آسان ہوگیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنا اور انھیں پرفارم کرتا ہوا دیکھنا چاہتے تھے، شرجیل خان اور بلاول بھٹی کی صورت میں اچھے کھلاڑی پالیے، ہم نے عمر گل کی عدم موجودگی میں عثمان خان کو آزمایا، انھوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں جگہ بنانے کیلیے سخت محنت بھی کی ، ہمیں محمد عرفان کی کمی محسوس ہوئی جو ان فٹ ہیں۔ واضح رہے کہ دوسرے میچ میں عثمان نے 4 اوورز میں 52 رنز کی پٹائی کے باوجود ایک بھی وکٹ نہیں لی جبکہ بلاول بھٹی نے 2 اوورز میں 32 رنزدیے، وہ وکٹ سے محروم رہے اور صفر پر آئوٹ بھی ہوئے۔ صرف شرجیل خان نے 25گیندوں پر 50 رنز اسکور کرکے اپنی صلاحیتوں کی جھلک دکھائی ۔ حفیظ نے مزید کہا کہ ہمیںیقین ہے کہ اچھے بولرز بلاول اور عثمان اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے۔