وزیراعظم عمران خان کو نوازشریف کے جانے پر دکھ ہے، شیخ رشید

ویب ڈیسک  بدھ 26 اگست 2020
پہلی بارمذہبی جماعت کا سربراہ کہہ رہا ہے مجھے سیاسی لیڈروں پر اعتماد نہیں، شیخ رشید : فوٹو: فائل

پہلی بارمذہبی جماعت کا سربراہ کہہ رہا ہے مجھے سیاسی لیڈروں پر اعتماد نہیں، شیخ رشید : فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو نوازشریف کے جانے پر دکھ ہے۔ 

راولپنڈی میں وزیرریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے، جو کچھ تھا وہ ختم ہوگیا، آج لاہور اور کراچی ڈوبا ہوا ہے، ہم نے دو ماہ قبل راولپنڈی کا لئی نالہ صاف کیاورنہ پنڈی بھی ڈوب جاتا، وزیر اعلی کو لال حویلی کے بجائے نالہ لئی لے کرگیا جس سے فوری صفائی شروع ہوگئی۔

نوازشریف کو وطن واپس لانے سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو نوازشریف کے جانے پر دکھ ہے اور میں کابینہ کے نوازشریف کو واپس بلانے کے فیصلے سے اتفاق کرتا ہوں۔  حکومت نوازشریف کو واپس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی لیکن لگتا ہے کہ وہ واپس پاکستان نہیں آئیں گے کیونکہ برطانیہ سے ملزمان لانے کا کوئی معاہدہ نہیں۔

اپوزیشن اتحاد سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی آل پارٹیزکانفرنس بہت دورہے، لوگ اپوزيشن کے لیے باہر نہیں نکلیں گے، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان ملاقات ناکام تھی، پہلی بار ایک مذہبی جماعت کا سربراہ کہہ رہا ہے مجھے سیاسی لیڈروں پر اعتماد نہیں۔

سینیٹ میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق بل منظور نہ ہونے پر حکومت کو شکست نہیں ہوئی بلکہ اپوزیشن بے نقاب ہوگئی ہے، پوزیشن کانیب ختم کرنے کے علاوہ کوئی اورمطالبہ نہیں، اپوزیشن کہتی ہے ہم سے ہاتھ پاؤں کے انگوٹھے لگوا لومگر نیب ختم کردو۔ نیب آزاد ادارہ ہے وہ کسی کے خلاف انکوائری کر سکتا ہے، شہباز اور حمزہ کا معاملہ سنگین ہے وہ اندر جائیں گے۔  یکم ستمبر کو اہم فیصلے آنے والے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔