سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں پیش

ویب ڈیسک  جمعرات 3 ستمبر 2020
آئندہ سماعت پر پولیٹیکل فنانس ونگ اپنی رپورٹ پر بریفنگ دے، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب۔ فوٹو:فائل

آئندہ سماعت پر پولیٹیکل فنانس ونگ اپنی رپورٹ پر بریفنگ دے، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس سیل نے سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت 5 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی درخواست پر سماعت کی، تحریک انصاف کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ تمام جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کی جائے، کئی سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس پر آڈٹ حکام نے اعتراض کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس سیل نے پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں سمیت 18 سیاسی جماعتوں کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر پولیٹیکل فنانس ونگ اپنی رپورٹ پر بریفنگ دے جب کہ الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن کی منی لانڈرنگ کے باعث ایف اے ٹی ایف پاکستان پر سوالات اٹھا رہا ہے جب کہ اپوزیشن اپنی چوری بچانے کے لیے منی لانڈرنگ قوانین کی منظوری کی مخالفت کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے فنڈنگ کرنے والے افراد کے شناختی کارڈ تاحال الیکشن کمیشن کو نہیں دیے جب کہ پیپلزپارٹی تو سرے سے ہی فرار ہوگئی ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت علی محمد خان نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ نے بھاگنا نہیں ہے، ہم نے اکاؤنٹس کی تفصیلات دیدیں آپ بھی دیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔