پروموٹ پالیسی کے تحت میٹرک بورڈ نے دہم سائنس کے نتائج جاری کر دیے

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 ستمبر 2020
ایسے امیدوارجوایک یا 2پرچوں میں فیل تھے مگرنمبر60 فیصدیازیادہ تھے انھیں فیل پرچوںمیں ایوریج مارکس دیے گئے،60 فیصد سے کم نمبروالے پروموٹ
 فوٹو:فائل

ایسے امیدوارجوایک یا 2پرچوں میں فیل تھے مگرنمبر60 فیصدیازیادہ تھے انھیں فیل پرچوںمیں ایوریج مارکس دیے گئے،60 فیصد سے کم نمبروالے پروموٹ فوٹو:فائل

 کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا۔

ناظم امتحانات عبدالرزاق ڈیپر نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے نتائج کے اجرا کو بروقت یقینی بنانے کے لیے محنت کی۔

انھوں نے کہا کہ رواں سال امتحانات ملتوی ہونے کے باعث صرف ان طلبا و طالبات کو پروموٹ کیا گیا ہے جنھوں نے اپنے سالانہ امتحانی فارم جمع کروائے تھے ان تمام طلبہ وطالبات کو پروموٹ کرکے ان کے نتائج جاری کردیے گئے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ طلبہ و طالبات جو نہم جماعت 2019 میں پانچوں پرچوں میں پاس تھے ان کے ٹوٹل حاصل کردہ نمبروں میں 3 فیصد اضافی نمبر دے دیے گئے ہیں اس کے علاوہ ایسے امیدوار جو ایک یا دو پرچوں میں فیل تھے مگر ان کے نمبر 60 فیصد یا اس سے زیادہ تھے ان کو فیل شدہ پرچوں میں ایورج مارکس دیے گئے ہیں جبکہ 60 فیصد سے کم نمبروں والے امیدواروں کو صرف پاسنگ مارکس دے کر انھیں پروموٹ کردیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسے طلبہ و طالبات جنھوں نے اپنے امتحانی فارم نامکمل جمع کرادیے تھے لیکن وہ اپنا انرولمنٹ، رجسٹریشن، اور پرمیشن یا کوئی بھی دستاویزات کسی بھی وجہ سے جمع نہیں کراسکے ہیں ان کے نتائج کو جاری کردیا گیا ہے لیکن ان کو اپنی مارک شیٹ حاصل کرنے سے پہلے اپنی تمام درکار دستاویزات بورڈ آفس میں جمع کرانا ہوں گی، سائنس گروپ میں ایک لاکھ 69 ہزار 325 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے ان میں سے 445 ایسے امیدوار جو گزشتہ سال 2019 میں نہم دہم جماعت کے تمام پرچوں میں غیر حاضر تھے اس لیے وہ حکومت کی طرف سے پروموشن پالیسی سے فیضیاب نہیں ہوسکے۔

لہٰذا اس سال 2020 میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کی تعداد 94189 ہے مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 99.8 فیصد رہا، کامیاب امیدواروں میں 17156 اے ون گریڈ، 30746 اے گریڈ، 35855 بی گریڈ، 39159 سی گریڈ، ڈی گریڈ اور 8230 نے ای گریڈ حاصل کیا جبکہ اضافی پرچے دینے والے طلبا کی تعداد 425 رہی، بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس BSEK اسپیس دے کر رول نمبر لکھنے کے بعد 8583  پر بھیج کر نتیجہ معلوم کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔