قومی ٹی 20 کپ؛ سیالکوٹ کو 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزازحاصل

اسپورٹس رپورٹر  منگل 22 ستمبر 2020
تیزترین سنچری عمر اکمل،ففٹی عمران نذیر نے بنائی،عرفان الدین نے6وکٹیں لیں۔ فوٹو: فائل

تیزترین سنچری عمر اکمل،ففٹی عمران نذیر نے بنائی،عرفان الدین نے6وکٹیں لیں۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  رواں سال قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے 17ویں چیمپئن کا فیصلہ ہوگا جب کہ سب سے زیادہ 6 ٹائٹل فتوحات کا اعزاز سیالکوٹ کو حاصل ہے۔

پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز2005 میں ہوا،ابھی تک 16ایڈیشنز ہوچکے ہیں،پہلے ایونٹ ریجنز کے مابین ہوتا تھا،گذشتہ سیزن میں 6صوبائی ایسوسی ایشنز ایکشن میں تھیں، ناردرن کی ٹیم 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کرے گی۔

پی سی بی کی جانب سے ارسال کردہ اعدادوشمار کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز سب سے زیادہ 6 جبکہ لاہور کی ٹیموں (لاہور لائنز 3مرتبہ، لاہور بلوز اور وائٹس1،1 مرتبہ) نے 5 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پشاور پینتھرز، پشاورریجن، فیصل آباد وولفز، کراچی بلوز اور ناردرن نے ایک ایک مرتبہ ٹرافی جیتی، سیالکوٹ اسٹالینز نے 2006 سے 2010 تک مسلسل 25 میچز جیت کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیزترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی سیالکوٹ اسٹالینز کے عمران نذیر کے پاس ہے، انھوں نے 2005 میں لاہور ایگلز کے مقابل 14 گیندوں پر 50 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی تھی، 2016 میں راولپنڈی ریجن کیخلاف لاہور وائٹس کے عمر اکمل نے 43 گیندوں پر ایونٹ کی تیز ترین سنچری بنائی تھی۔

احمد شہزاد اور خرم منظور3،3 سنچریاں بنا چکے ہیں، خرم 30.20 کی اوسط سے 2235 رنز کے ساتھ ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں، 2017 میں لاہور وائٹس کے کامران اکمل نے اسلام آباد ریجن کے مقابل 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،انھوں نے12 چھکے جڑے جو ایک ریکارڈ ہے۔

بہترین بولنگ کا ریکارڈ کراچی ڈولفنز کے عرفان الدین کے پاس ہے، انھوں نے 2006 میں سیالکوٹ اسٹالینز کیخلاف 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔