مصباح الحق کی تاحال صوبائی ٹیموں کے نئے کوچز سے ملاقات نہ ہوسکی

محمد یوسف انجم  بدھ 23 ستمبر 2020
پی سی بی نے صوبائی ٹیموں کے کوچز کی تقرری کا اعلان اس وقت کیا تھا جب مصباح انگلینڈ میں تھے۔ فوٹو : فائل

پی سی بی نے صوبائی ٹیموں کے کوچز کی تقرری کا اعلان اس وقت کیا تھا جب مصباح انگلینڈ میں تھے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: چیف سیلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کو تاحال صوبائی ٹیموں کے نئے کوچز سے ملاقات کا موقع نہیں مل سکا۔

اب ملتان میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے موقع پر سلیکٹرز کی بیٹھک ہوسکے گی یا پھر زوم پر میٹنگ کسی بھی وقت پلان کی جائے گی، کوویڈ ایس اوپیز کی وجہ سے صوبائی ٹیموں کے تمام کوچز بائیو ببل کا حصہ ہیں تاہم چیف سلیکٹر کو اس ببل کا حصہ بننے کےلیے دو کورونا ٹیسٹ کرانا ہوں گے اور رپورٹ منفی آنے پر وہ سلیکشن ٹیم سے مل سکیں گے۔

پی سی  بی نے صوبائی ٹیموں کے کوچز کی تقرری کا اعلان اس وقت کیا تھا جب مصباح الحق انگلینڈ میں تھے، یہ کوچز مصباح الحق کی سلیکشن کمیٹی کا بھی حصہ ہیں، وطن واپسی کے بعد مصباح الحق کی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس  سینٹر ندیم خان سے تو کوچز کی سلیکشن پر بات چیت ہوئی تھی تاہم ابھی تک باسط علی، فیصل اقبال، محمدوسیم، شاہد انور، عبدالرحمٰن اور عبدالرزاق سے باقاعدہ میٹنگ نہیں ہوپائی۔ ایک دو کوچز سے راہ چلتے ان کی سلام دعا ضرور ہوئی ہے تاہم سب کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔