فلم کی شوٹنگ کے دوران کورونا میں مبتلا بھارتی اداکارہ ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 23 ستمبر 2020
اداکارہ  اشلاتا طبیعت خراب ہونے کے باعث گزشتہ چار روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ فوٹو: فائل

اداکارہ اشلاتا طبیعت خراب ہونے کے باعث گزشتہ چار روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ اشلاتا وبگاؤنکر فلم کی  شوٹنگ کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے چار روز بعد ہلاک ہو گئیں۔

بالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم ’زنجیر‘ میں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی سوتیلی ماں کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اشلاتا وبگاؤنکر کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے ہلاک ہو گئیں۔

79 سالہ اشلاتا رواں ماہ مراٹھی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اس دوران اُن کی طبیعت ناساز ہو گئی، ڈاکٹروں کی ہدایت پر ٹیسٹ کروانے پر اداکارہ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔؛ بعد ازاں شوٹنگ کے موقع پر موجود عملے کے 20 سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔

اداکارہ طبیعت خراب ہونے کے باعث گزشتہ چار روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم وہ مہلک بیماری کو شکست دینے میں کامیاب نہ ہوسکیں اور جان کی بازی ہار گئیں۔

اداکارہ رینوکا شہانے نے اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ آج کا دن ہم سب کے لئے مایوس کن ہے کیوں کہ کورونا نے ایک اور حسین زندگی کا خاتمہ کردیا ہے، اشلاتا دوسروں کے لئے درد اور محبت کرنے والی خاتون تھیں۔

واضح رہے کہ  اشلاتا وبگاؤنکر فلمی کیریئر میں اب تک زنجیر، کولی ، نمک حرام اور وہ ساتھ دن سمیت کئی فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔