بورڈ سے اخراجات اور آمدنی کی تفصیلات طلب

سلیم خالق  جمعرات 24 ستمبر 2020
احسان مانی نہیں جائیں گے، وسیم خان و دیگر آفیشلز شریک ہونگے،پی سی بی ۔  فوٹو : فائل

احسان مانی نہیں جائیں گے، وسیم خان و دیگر آفیشلز شریک ہونگے،پی سی بی ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  پی سی بی آفیشلز  جمعرات کو قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے جب کہ حکام کے الاؤنسز، تنخواہوں  اور مراعات کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

بین الصوبائی رابطہ امور پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس  اسلام آبادکے کمیٹی روم میں چیئرمین آغا حسن بلوچ کی زیرصدارت ہوگا، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کے سوالات پر بات ہوگی، گذشتہ تین برس میں پی سی بی کی سالانہ آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات زیرغور آئیں گی، چیئرمین و دیگر آفیشلزکے  الاؤنسز،تنخواہوں اور مراعات پر بات ہوگی، رکن قومی اسمبلی چوہدری فقیر احمد کے  بوریوالہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے سوال پر بورڈ حکام سے تفصیلات پوچھی جائیں گی۔

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کی میٹنگ 30 اگست کو ہونا تھی جو11 ستمبر کو ری شیڈول ہوئی اور اب جمعرات کو انعقاد ہو رہا ہے،انھوں نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے  چیف ایگزیکٹیو وسیم خان، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ اور سینئر جنرل منیجر ایڈمن شریک  ہوں گے۔

دریں اثنا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی میٹنگ30 ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں شیڈول ہے، اس میں پی سی بی کی اسپیشل آڈٹ رپورٹ اور پی ایس ایل ون اور ٹو کی آڈٹ رپورٹس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، رانا تنویر حسنین اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اس حوالے سے استفسار پر کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی میٹنگ میں ممکنہ طور پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی، سی ای او وسیم خان، سی او او سلمان نصیر اور سی ایف او جاوید مرتضیٰ شریک ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔