18 افراد کے قتل میں ملوث ایم کیوایم لندن کے ٹارگٹ کلر گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 25 ستمبر 2020
ملزمان نے 3 پولیس اہلکاروں اور 2 ڈپٹی ڈائریکٹرزایجوکیشن کو بھی قتل کیا، سی ٹی ڈی حکام۔(فوٹو: فائل)

ملزمان نے 3 پولیس اہلکاروں اور 2 ڈپٹی ڈائریکٹرزایجوکیشن کو بھی قتل کیا، سی ٹی ڈی حکام۔(فوٹو: فائل)

کراچی: ایم کیوایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار ہوئے ہیں جنہوں نے 18 افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی پولیس کی کاررائی میں دو اہم ٹارگٹ کلرز کو گرفتارکیا گیا ہے، جن کا تعلق ایم کیوایم لندن الطاف گروپ سے ہے، گرفتار ملزمان میں منور اور وسیم عرف کمانڈر شامل ہے۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ملزمان پہلے بھی 5 بار گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں، ملزمان نے ٹارگٹ کلنگ کی 18 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ قتل کی تمام وارداتیں پاک کالونی کے سیکٹر انچارج سرور عرف دلاور کے حکم پر کرتے تھے۔

انچارج انویسٹی گیشن سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان 1995 سے 2012 تک قتل کی مختلف وارداتیں کرتے رہے، اور اس عرصے میں انہوں نے 3 پولیس اہلکاروں اور 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز ایجوکیشن کو قتل کیا، جب کہ وہ سیاسی مخالفت، مخبری کے شبہ اور دیگر وجوہ سے بھی قتل کی وارداتیں کرتے رہے ہیں، ملزمان 1995 سے اب تک بنگلوں میں ڈکیتیوں کی سینکڑوں وارداتیں کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔