
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکریٹری اویس لغاری نے پارٹی کے صوبائی صدر راناثنا اللہ کی ہدایت پر جلیل احمد شرقپوری کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔ جلیل شرقپوری کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قطعا ً قابل قبول نہیں۔ جلیل شرقپوری ایک ہفتے میں وضاحت پیش کریں۔
اس حوالے سے پارٹی کے صوبائی صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جلیل احمد شرقپوری کے جواب نہ دینے پر پارٹی الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے گی اور انہیں اسمبلی نشست سے ڈی سیٹ کرانے کے لئے ریفرنس دائر کرے گی۔
دوسری جانب میاں جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ ابھی مجھے کسی قسم کا شوکاز نوٹس نہیں ملا، جب نوٹس ملے گا تو اس کا ضروری جواب دوں گا، پارٹی رکنیت معطل کرنے کا بھی علم نہیں۔
واضح رہے کہ جلیل شرقپوری نے اپنے پارٹی قائد نواز شریف کو اے پی سی میں کی گئی تقریر پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر قومی مفاد کے خلاف تھی۔ (ن) لیگی قیادت نے اے پی سی کے فورم اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت اور مودی کی زبان بولی، مجھ سمیت تمام محب وطن پاکستانی اس منفی مؤقف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ اس سے پہلے وہ مسلم لیگ (ن) کے چند ارکان اسمبلی کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔