بابری مسجد شہید کرنے والوں کو بری کرنا شرمناک فیصلہ ہے، پاکستان

ویب ڈیسک  بدھ 30 ستمبر 2020
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ایک بیان میں بابری مسجد کی شہادت کے ملزمان کی رہائی کے عدالتی فیصلے کی مذمت کی ہے(فوٹو، فائل)

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ایک بیان میں بابری مسجد کی شہادت کے ملزمان کی رہائی کے عدالتی فیصلے کی مذمت کی ہے(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: پاکستان نے  بابری مسجد شہید کرنے والے ملزموں کی رہائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے  بھارتی عدالت کے فیصلے کو شرم ناک قرار دیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بابری مسجد شہید کرنے کے ملزموں کی رہائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عدالت کے فیصلے سے بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ مسجد شہید کرنے کے نتیجے میں بی جے پی کی زیرقیادت فرقہ وارانہ تشدد ہوا ۔ تشدد کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت میں اںصاف کی علامت ہوتی تو سرعام مجرمانہ فعل پر فخر کرنے والوں کو آزاد نہیں کیا جاسکتا تھا ۔ بی جے پی کی ہندو نواز حکومت اقلیتوں کو روز اول سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بی جے پی نے پلاننگ کے تحت ہندو رائے عامہ کو بھڑکانے کے لیے رتھ یاترا کی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: بابری مسجد شہادت کیس؛ ایل کے ایڈوانی سمیت تمام ملزمان بری

واضح رہے کہ آج لکھنئو میں خصوصی بھارتی عدالت نے بابری مسجد پر حملے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے جس میں تمام ملزمان کو بری کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔