وزیراعظم نے عبدالباسط خان کو بھارت میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر نامزد کر دیا

وزیر اعظم نے عبدالباسط کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کےلئے ہائی کمشنر نامزد کیا


ویب ڈیسک December 19, 2013
عبدالباسط اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم نواز شریف نے سابق ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط خان کو بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر نامزد کر دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سنیارٹی کی بنیاد پر عبدالباسط کو بھارت میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر نامزد کیا، اس سے قبل عبدالباسط کو سیکریٹری خارجہ بنانے کی تجویز دی گئی تھی تاہم وزیر اعظم نے عبدالباسط کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان امن و امان برقرار رکھنے اور بہتر تعلقات کےلئے انہیں بھارت میں پاکستان کا ہائی کمشنر نامزد کیا۔ عبدالباسط اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ اور جرمنی میں بطور سفیر فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے مس نغمانہ کو بیلجیئم جب کہ سید جاوید حسن کو جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے گریڈ 21 کے افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کی بھی منظوری دی، وزیر اعظم کی منظور ی کے تحت ترقی پانے والوں میں سیکریٹریٹ گروپ کے ایس ایم تنویر، نجیب خاور اعوان،عبدالخالق، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی فرخندہ وسیم، عظمت حنیف اورکزئی، شاہد خان، طارق باجوہ، راجہ حسن عباس، ندیم حسن، آصف سعید، ارشد علی، محکمہ پولیس کے رفیق حسن بٹ، سعود مرزا، قلب عباس، خان بیگ، اکبر خان ہوتی، ان لینڈ سروس کے شاہد حسین اسد اور یاسمین اسد، اکاؤنٹس کے فرح ایوب ترین، خارجہ سروس کے مراد علی ، سیما نقوی، اعزاز چوہدری، محمد صادق اورکسٹم کے عامر محمد خان مروت شامل ہیں۔

مقبول خبریں