کسی کو بھی ملک کا معاشی نظام یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے اسحاق ڈار

3 ارب ڈالرز کا قرضہ واپس کرنے کے لئے 2 ارب 20 کروڑ ڈالرز کا قرض لیا جارہا ہے، وفاقی وزیر خزانہ


ویب ڈیسک December 19, 2013
پاکستان مستقبل کی 11 ابھرتی معیشتوں میں شامل ہو گیا ہے، وفاقی وزیر خزانہ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہر نئے دن معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں کسی کو بھی ملک کا معاشی نطام یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ ان کی وزارت ایوان کو خرچ کی گئی ایک ایک پائی کا حساب دینے کو تیار ہے، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے 8 ارب ڈالرز کا قرضہ لے کر اسے زرمبادلہ ظاہرکیا اور نئی حکومت کو اس قرض کی بروقت ادائیگی کے لئے آئی ایم ایف سے مزید قرض لینا پڑا، اور اگر قرض کی ادائیگیاں نہ کرتے تو ملک کو دیوالیہ قرار دیا جاسکتا تھا۔ 3 ارب ڈالرزکا قرضہ واپس کرنے کے لئے 2 ارب 20 کروڑ ڈالرز کا قرض لیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے اپنے آخری 15 ماہ بجلی پر پیدارواری اداروں کو واجب الادا سبسڈی ادا نہیں کی جس کی وجہ سے گردشی قرضے 500 ارب سے تجاوز کرگئے لیکن موجودہ حکومت نے بجلی کی مد میں گردشی قرضے کے خاتمے کے لئے 480 ارب روپے ادا کئے اور اس کے لئے نئے نوٹ نہیں چھاپے گئے بلکہ حکومت کے ابتدائی دنوں میں 135 ارب روپے کی بچت کی اور اس مد میں اسٹیٹ بینک سے صرف 59 ارب روپے لئے گئے، گردشی قرضے کی رقم ادا کرنے سے سسٹم میں 1700 میگا واٹ بجلی آئی جس سے صنعتی پیداوار میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ حکومت نے 128 ارب روپے کے سرمایہ کاری بانڈز جاری کئے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہورہا ہے اوروہ اپنا سرمایہ لگانے پر رضامند نظر آرہے ہیں، پاکستان کی ریٹنگ منفی 34 سے بہتر ہوکر مثبت 2 پرآ گئی ہے اور ملک مستقبل کی 11 ابھرتی معیشتوں میں شامل ہو گیا ہے۔

مقبول خبریں