شہباز تتلہ قتل کیس ملزم ایس ایس پی مفخر عدیل پر ساتھیوں سمیت فردجرم عائد

ملزمان کے خلاف مدعی سجاد احمد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج ہے، چالان


ویب ڈیسک October 07, 2020
عدالت نے 12اکتوبر کو  گواہان کو طلب کرلیا۔ فوٹو:فائل

ایڈیشنل سیشن جج نے شہباز تتلہ قتل کیس میں ملزم ایس ایس پی مفخر عدیل، اسد سرور اور عرفان علی پر فرد جرم عائد کردی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ارشد جاوید نے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل شہباز تتلہ قتل کیس پر سماعت کی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ساجد سعید بھٹی نے کیس میں دلاٸل دیے، ملزمان کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا گیا جس میں ملزمان ایس ایس پی مفخر عدیل، اسد سرور اور عرفان علی کو نامزد کیا گیا ہے، چالان میں پچیس ثبوتوں کا ذکر ہے اور بتایا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مدعی سجاد احمد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شہباز تتلہ نے میری بیوی سے زیادتی کی جس پر اسے قتل کیا

سیف سٹی کیمرے کی سی ڈی کو فاٸل کا حصہ بناتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ساجد سعید بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مفخر عدیل کی جیب سے ایک عدد پرس قبضہ میں لیا گیا جس میں مقتول کا شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد ہوٸے، مفخر عدیل اور اسد سرور بھٹی نے شہباز تتلہ کو کلمہ چوک سے اغوا کیا اور ملزمان نے مقتول کو مشروب میں نشہ آور چیز پلاٸی، کچھ دیر بعد شہباز تتلہ بے ہوش ہوگیا، جس کے بعد مفخر عدیل اور اسد سرور بھٹی شہباز تتلہ کو اٹھا کر اسٹور روم میں لے گٸے اور اس کے منہ اور ناک پر ٹیپ لگاٸی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسد بھٹی نے شہباز تتلہ کے قتل کا انکشاف کر دیا

ساجد سعید کے مطابق ملزم مفخرعدیل شہباز تتلہ کے منہ پر تکیہ رکھ کر بیٹھ گیا جس سے شہباز کی سانسیں بند ہو گٸیں اور وہ جانبحق ہو گیا، ملزمان نے شہباز کو نیلے ڈرم میں سر کے بل ڈال دیا اور بعدازاں ملزمان نے ڈرم میں تیزاب ڈالا، تیزاب اور کینی ملزم عرفان نے لا کر دیں، جس سے شہباز تتلہ کی لاش کچھ دیر میں محلول بن گٸی اور وہ محلول کو گھر کے گٹر میں ڈال دیا گیا جب کہ ملزمان نے ڈرم تیزاب، کینی تیزاب، کپڑے، تکیہ، تولیہ اور دیگر سامان گجومتہ نالا میں پھینک دیا تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل شہباز تتلہ قتل کیس میں ملزم ایس ایس پی مفخر عدیل , اسد سرور اور عرفان علی پر فرد جرم عائد کردی، جب کہ عدالت نے 12اکتوبر کو گواہان کو طلب کرلیا۔

 

مقبول خبریں