سی ٹی ڈی کی کارروائی، ٹی ٹی پی دہشتگرد اورایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلرگرفتار

ویب ڈیسک  پير 12 اکتوبر 2020
گرفتار ہونے والا ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر لال بادشاہ رئیس ماما کا قریبی ساتھی ہے، سی ٹی ڈی حکام (فوٹو: فائل)

گرفتار ہونے والا ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر لال بادشاہ رئیس ماما کا قریبی ساتھی ہے، سی ٹی ڈی حکام (فوٹو: فائل)

 کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم  ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) گارڈن نے دومختلف کارروائیوں میں ٹی ٹی پی بنوں گروپ کا دہشت گرد اور ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

کاؤنٹر ٹیررازم  ڈیپارٹمنٹ حکام کے مطابق سی ٹی ڈی گارڈن نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد منہاج الدین کو گرفتار کرلیا۔دہشت گرد کا تعلق تحریک طالبان پاکستان بنوں گروپ سے ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد بم اور پلانٹ بنانے کا ماہر ہے اور بیرون ملک فرار ہونے کے لیے کراچی میں موجود تھا۔

سی ٹی ڈی حکام  کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشت گرد نے مئی 2020 میں امن جرگے کے رکن فاروق کو اپنےگاؤں جانی خیل بنوں میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا جب کہ جرگے کے دوسرے رکن علیم اور عبداللہ کو قتل کرنے کے لیے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی گارڈن نے ایک اور کارروائی میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر لال بادشاہ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ٹارگٹ کلر رئیس ماما کا قریبی ساتھی ہے۔ لال بادشاہ نے 26 مئی 2010 کو مہران ٹاؤن میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور دو افراد کو زخمی کیا تھا جب کہ دوسری واردات میں اس نے جنوی 2010 میں قوم پرست جماعت کے کارکنوں کے ساتھ جھڑپ میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔