وزارت داخلہ کی 5 ہزار 807 افراد کو بلیک لسٹ سے نکالنے کی سفارش

بلیک لسٹ میں مجموعی طور پر 42 ہزار 7 سو 25 افراد موجود ہیں


ویب ڈیسک October 17, 2020
جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں میرٹ پر بلیک لسٹ قرار دئیے گئے افراد کا نام نکالنے پر غور کیا جائے گا۔فوٹو:فائل

وزارت داخلہ نے بلیک لسٹ میں سے 5 ہزار 807 افراد کو نکالنے کی سفارش کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کا بلیک لسٹ پاسپورٹس کے حوالے سے اہم اقدام سامنے آیا ہے، جائزہ کمیٹی نے بلیک لسٹ کیٹیگری بی میں سے 5 ہزار 8 سو 7 افراد نکالنے کی سفارش کردی ہے، بلیک لسٹ میں مجموعی طور پر 42 ہزار 7 سو 25 افراد موجود ہیں، اور بلیک لسٹ سے افراد کو نکالنے کا فیصلہ تمام متعلقہ محکموں کی مشاورت سے کیا گیا۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت وزارت داخلہ کی جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ اورامیگریشن ڈائریکٹوریٹ شہریوں کی سہولت کے ہر ممکن اقدامات کرے، جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں میرٹ پر بلیک لسٹ قرار دئیے گئے افراد کا نام نکالنے پر غور کیا جائے گا۔

جائزہ کی ہدایت پر کمیٹی کا اجلاس سال میں 2 بار باقائدگی سے منعقد ہوگا، جائزہ کمیٹی میں بلیک لسٹ قرار دئیے گئے افراد کا نام نکالنے کے لیے متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جائے گی۔