محکمہ موسمیات نے کراچی میں اتوار کو بارش کی پیشگوئی کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 اکتوبر 2020
ڈپریشن بننے کی صورت میں سمندر میں طغیانی کی کیفیت ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

ڈپریشن بننے کی صورت میں سمندر میں طغیانی کی کیفیت ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

کراچی: محکمہ موسمیات نے کل شہر میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق شدید گرمی سے ستائے کراچی کے شہریوں کے لئے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز شہر میں ہلکی بارش کی پیش گوئی ہے، جس کے بعد موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مضبوط ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، اور یہ  دباؤ آج شام تک مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کے بعد ڈیپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے، ڈپریشن کے زیر اثر سندھ کے اضلاع تھرپارکر، میرپورخاص، بدین، ٹھٹہ، عمرکوٹ اور حیدرآباد میں آج اور کل گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈپریشن کے اثرات تیز ہواؤں اور بادلوں کی صورت میں نظر آئیں گے، جو شہر میں  ہلکی بارش کا سبب بن سکتے ہیں، جب کہ ڈپریشن بننے کی صورت میں سمندر میں طغیانی کی کیفیت ہوسکتی ہے، اس لئے ماہی گیر زیادہ گہرے سمندر میں نہ جائیں۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز کراچی مزار قائد سے متصل باغ جناح گراؤنڈ میں اپوزیشن اتحاد  (پی ڈی ایم) کا جلسہ منعقد کیا گیا ہے، اور جلسے کی انعقاد کی ذمہ داریاں پیپلزپارٹی کے پاس ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔