نیب کا شہباز شریف کیخلاف صاف پانی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ

طالب فریدی  پير 19 اکتوبر 2020
نیب لاہور نے صاف پانی ساؤتھ کمپنی انکوائری بند کرنے کے لیے چیئرمین نیب سے منظوری مانگ لی۔

نیب لاہور نے صاف پانی ساؤتھ کمپنی انکوائری بند کرنے کے لیے چیئرمین نیب سے منظوری مانگ لی۔

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ نیب لاہور نے صاف پانی کرپشن انکوائری کی مزید تحقیقات نہ کرنے اور کیس متعلقہ محکموں کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کیخلاف صاف پانی ساؤتھ کمپنی انکوائری بند کرنے کے لیے چیئرمین نیب سے منظوری مانگ لی۔

چیرمین نیب کو پیش کردہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ صاف پانی منصوبے میں پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کی شق 45 کی سب شق 5 کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ ای سی ایس پی اور اربن یونٹ کو غیر ملکی فرمز کے ساتھ مل کر کنٹریکٹ دیے گئے، تاہم پیرا رولز 2014 غیر ملکی یا پرائیویٹ فرمز کے حکومتی کمپنیوں سے معاہدے پر خاموش ہے۔

نیب انکوائری میں کہا گیا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو 19 کروڑ 59 لاکھ 70 ہزار کی رقم ادا کی گئی جبکہ صاف پانی جنوبی پنجاب آفس 2 سال کے کرائے کی مد میں 6 کروڑ 48 لاکھ 29 ہزار کی رقم ادا کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نیب صاف پانی کمپنی کیس کی مزید تحقیقات نہیں کرے گا اور یہ کیس متعلقہ اداروں ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھجوانے کی سفارشات کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس کیس میں شہبازشریف متعدد بار نیب اور احتساب عدالت میں پیش ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔