متحدہ عرب امارات کی پہلی کمرشل پرواز کی اسرائیل آمد

ویب ڈیسک  پير 19 اکتوبر 2020
اتحاد ایئرویز کا طیارہ سیاحتی وفد کو لیکر تل ابیب پہنچا، فوٹو : رائٹرز

اتحاد ایئرویز کا طیارہ سیاحتی وفد کو لیکر تل ابیب پہنچا، فوٹو : رائٹرز

تل ابیب: متحدہ عرب امارات سے پہلی کمرشل پرواز سیاحوں کے ایک وفد کو لیکر اسرائیل کے دارالحکومت پہنچ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اماراتی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز کی پرواز نمبر 9607 دبئی سے 8 رکنی سیاحتی وفد کو لیکر اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے ایئرپورٹ بین گوریون پہنچ گئی جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

دریں اثناء اتحاد ایئر ویز کا بوئنگ طیارہ ’787 ڈریم لائنر‘ آج ہی اسرائیلی وفد اور سیاحوں کو لے کر ابوظہبی ائیرپورٹ پہنچ گیا، یہ وفد ملکی دورے کے بعد 21 نومبر کو اسرائیل کے لیے دوبارہ روانہ ہو جائے گا۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کی پہلی براہ راست کمرشل پرواز کی بحرین آمد

اتحاد ایئر ویز کا کہنا ہے کہ وہ جلد دونوں ممالک کے درمیان عام شہریوں کے لیے بھی پروازوں کو آغاز کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان ہفتے میں 28 پروازوں کا امکان ہے۔ جس کے لیے عبرانی زبان میں ایک ویب سائٹ بھی لائی جائے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات بھی بحال کردیئے

قبل ازیں 23 ستمبر کو اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز متحدہ عرب امارات پہنچی تھی جس میں اہم اسرائیلی حکام موجود تھے۔ یہ پیشرفت اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 13 اگست کو سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کے بعد ہوئی تھی۔

یہ خبر پڑھیں : عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ،سفارتی تعلقات قائم کرنے کاعندیہ

واضح رہے کہ سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان امریکا کی ثالثی میں ایک معاہدہ بھی طے پایا تھا جس کے بعد متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی درآمدی اشیاء پر عائد پابندی کو ختم کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔