قومی ہاکی واپڈا نے پورٹ قاسم کے دفاع میں شگاف ڈال دیا

3-0سے کامیاب، سوئی سدرن گیس نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو4-2سے شکست دے دی


Sports Reporter December 21, 2013
سوئی سدرن گیس نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو4-2سے شکست دے دی ۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی چیمپئن شپ میں سوئی سدرن گیس نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو4-2سے شکست دے دی،دوسرے مقابلے میں واپڈا نے پورٹ قاسم کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے3-0سے کامیابی حاصل کی۔

جوہر ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں سوئی سدرن گیس نے کھیل کے آغازسے ہی جارحانہ انداز اپنایا، پے درپے حملوں سے حریف دفاعی لائن دبائو میں آ گئی، اس کا بھر پور فائدہ تجربہ کار کھلاڑی شکیل عباسی نے اٹھایا اور چھٹے منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، ایچ ای سی ابھی اس صدمے سے باہر بھی نہ نکل پائی تھی کہ14ویں منٹ میں عباس حیدر نے فیلڈ گول سے سوئی گیس کی برتری کو دگنا کردیا،ایچ ای سی نے میچ میں واپس آنے کی بھرپور کوشش کی اور دفاعی انداز چھوڑ کر جارحانہ اسٹائل اپنا لیا، کوچ کی یہ حکمت عملی اس وقت کارگر ثابت ہوئی جب ذیشان اکرم گول کرنے میں کامیاب ہو گئے،حریف ٹیم کے مبشر علی نے پہلے ہاف کے آخری منٹ میںگول کر کے اسکور 3-1کر دیا۔ وقفے کے بعد سوئی سدرن گیس کی ٹیم ایک بار پھر بھر پور ردھم میں دکھائی دی اور حریف سائیڈز پر یکے بعد دیگرے حملوں کا آغاز کر دیا۔

 photo 7_zps222d70da.jpg

اس کوشش میں محمد توفیق نے 37ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچایا، صرف2 منٹ بعد ذیشان اکرم نے دوسرا گول کر کے اسکور4-2کر دیا،اس کے بعد دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی بھی کامیاب نہ ہو سکی۔ دوسرا میچ یکطرفہ ثابت ہوا جس میں واپڈا نے پورٹ قاسم کو صفر کے مقابلے میں3 گول سے زیر کیا، میچ کے آغاز میں دونوں طرف سے شاندار کھیل پیش کیا گیا لیکن فارورڈزکی غلطیوں کے سبب کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، پہلا ہاف ختم ہونے سے صرف ایک منٹ قبل واپڈا کے سلمان حسنین نے کوئی غلطی کیے بغیر اپنی ٹیم کا پہلا گول داغ دیا، علیم بلال نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور2-0 کر دیا، واپڈا کی طرف سے محمد جعفر نے کھیل کے67ویں منٹ میں تیسرا گول بنایا۔ ہفتے کو ایونٹ کے مزید 2 میچز ہوں گے۔آرمی کا مقابلہ پی ٹی وی سے ہونا ہے، پی آئی اے کی ٹیم این بی پی کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔