چین کے ’غنڈہ سفارت کاروں‘ کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، تائیوان

ویب ڈیسک  منگل 20 اکتوبر 2020
فجی میں تائیوان اور چینی سفارت کاروں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، فوٹو : فائل

فجی میں تائیوان اور چینی سفارت کاروں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، فوٹو : فائل

تائی پے: تائیوان نے خبردار کیا ہے کہ چین کے سفارت کاروں کی غنڈہ گردی سے خوف زدہ ہو کر قومی دن کے جشن کو نہیں روکیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان نے اپنے قومی دن کے جشن کو منانے کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے غنڈہ سفارت کاروں کی دھمکیوں اور مارپیٹ کے باوجود قومی دن کا جشن دنیا بھر میں منائیں گے۔

تائیوان نے الزام عائد کیا ہے کہ چینی سفارت کاروں نے فجی میں تائیوان کی ایک سفارتی تقریب میں اشتعال انگیزی کی کوشش کی اور تائیوان کے سفارت کاروں سے ہاتھا پائی کی جس کے نتیجے میں تائیوان کے ایک سفارت کار کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا۔

تائیوان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ چینی سفارت کاروں نے عالمی قوانین اور سفارت کاری کے زریں اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ چینی سفارت کاروں نے اسپتال جا کر زیر علاج تائیوانی سفارت کار کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنایا۔

واضح رہے کہ چین، تائیوان کو اپنا صوبہ قرار دیتا ہے جب کہ تائیوان خود کو آزاد، خود مختار اور جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ رکھتا ہے۔ چین اور تائیوان کے درمیان تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں۔ تائیوان اقوام متحدہ کا رکن ملک نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔