ہم وعدے نہیں بلکہ عملی اقدام کرتے ہیں اسحق ڈار

لوگ بی بی کی شہادت پرجذباتی ہوگئے اورگاڑیوں واملاک کونقصان پہنچایا،قائم علیشاہ


Staff Reporter December 22, 2013
ملک کومسائل سے نکالنے کے لیے بھی مل کرکام کریں گے،وزیرخزانہ۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈارنے کہاہے کہ حکومت ملک میںمعاشی مسائل حل کرنے کے لیے مربوط اقدام کررہی ہے۔

ہم وعدے نہیں کرتے بلکہ عملی اقدام کرتے ہیں۔31دسمبر سے قبل ہم نے سانحہ 27دسمبر 2007کے موقع پر جلائی جانے والی گاڑیوں کے مالکان کومعاوضہ ادا کرکے اپناوعدہ پورا کردیا ہے۔ ملک کومسائل سے نکالنے کے لیے بھی مل کرکام کریں گے اورجلد پاکستان کی معیشت اپنے پاؤںپر کھڑی ہوجائے گی۔ ان خیالات کااظہار انھوںنے ہفتے کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں 27دسمبر 2007کو بینظیربھٹو کی شہادت کے بعد شرپسندوں کی جانب سے جلائی جانے والی گاڑیوں کے مالکان کومعاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ بھی موجودتھے۔ وفاقی وزیرخزانہ نے 781متاثرین میں 24کروڑ 42لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

 photo 1_zpsf3448f37.jpg

وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تووعدہ کیاتھا کہ سرکلرڈیٹ کی ادائیگی کامعاملہ 60دن میں حل کردیں گے لیکن ہم نے یہ مسئلہ 45روز میں حل کرکے اپنا وعدہ قبل ازوقت پورا کردیا ۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ نیت صاف ہو تو مسائل کا حل نکل آتا ہے۔ انھوںنے کہا کہ ہم نے متاثرین سے وعدہ کیا تھا جو آج پورا کردیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے بھی خصوصی تعاون کیاہے، میں ان کا مشکورہوں۔ ٹرانسپورٹرزکا مسئلہ وفاق اورسندھ حکومت نے مل کرحل کیاہے۔ معاوضے کی ادائیگی کے لیے 80فیصد رقم وفاق اور 20فیصد رقم سندھ حکومت نے اداکی ہے۔ انھوںنے کہا کہ توانائی کے بحران سمیت دیگر معاشی چیلنجز کو حل کرنے کے لیے قلیل اور طویل المدت پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان کو ترقی یافتہ بنانا ہماراوژن ہے اور اس میںہم ضرور کامیاب ہوں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی شہادت نہ صرف پاکستان کیلیے بلکہ پوری دنیا خصوصا مسلم امہ کے لیے بہت بڑاسانحہ تھا جس کا ازالہ صدیوںتک نہیں ہو سکے گا۔ چونکہ پاکستان کے لوگ محترمہ سے بے حد محبت کرتے تھے، اس لیے وہ ان شہادت پر جذباتی ہوگئے اور اپنے غم وغصے کے سبب کئی گاڑیوںاور املاک کونقصان پہنچایاجس میں ٹرانسپورٹرزسب سے زیادہ متاثرہوئے۔ انھوںنے کہا کہ ٹرانسپورٹرزکمیونٹی نے ہمیشہ کی طرح اس معاملے میں بھی صبرسے حکومت کاساتھ دیا۔ دریںاثنا وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈارنے وزیراعلیٰ ہائوس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی اورسیاسی ومالیاتی امورپر تبادلہ خیال کیا۔