وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر معیشتوں کو توانا اور کرہ ارض کو تاریک کیے بغیر اپنے گھروں کو روشن کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کواقوام متحدہ کی 31 ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ’’2035 تک گرین انرجی پر منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستقبل میں پائیدار اور صاف توانائی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان صاف توانائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
زیراعظم نے صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے پاکستان کا پرعزم لائحہ عمل پیش کیا اور موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی مالی معاونت میں اضافے اور سستی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس ضمن میں ملک میں ہونے والی پیشرفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے توانائی کے مجموعی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ اب تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا جو جدید ترین منصوبہ ہے اور قومی گرڈ میں 1,200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030ء تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹر سائیکلیں الیکٹرک ہوں گی۔ رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر دس موٹر سائیکلوں میں سے پہلی مرتبہ ایک سے زائد الیکٹرک موٹر سائیکلیں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گرین انرجی کی جانب منتقلی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہےتاہم مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل مالی معاونت ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو 2035ء تک کم کاربن اخراج کے حامل بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہیں جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔
ترقی پذیر ممالک کو درپیش مالی مشکلات اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کو وسعت دینے، توانائی ذخیرہ کرنے کے قابل اعتماد نظام کو یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کو قابل برداشت بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری درکار ہے جس کا بوجھ بھاری قرضوں میں جکڑی معیشتیں تنہا برداشت نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ رعایتی شرائط پر مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائیں اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاف توانائی کے بلند عزائم پر مبنی اہداف صرف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی معاونت کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ 2035ء تک 35 فیصد کا ہدف اسی صورت حاصل ہو گا جب رعایتی سرمایہ اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے مالی وسائل کی فراہمی ہمارے عزائم کی رفتار کے مطابق ہو گی۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسا ترقیاتی ماڈل اپنائے جو اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ممالک کو اپنے عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور معیشتوں کو ترقی دینے کے قابل ہونا چاہیے تاہم اس عمل میں کرہ ارض کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیے! عہد کریں کہ ہم اپنے عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر اپنی معیشتوں کو توانائی فراہم کریں گے اور کرہ ارض کو تاریک کیے بغیر اپنے گھروں کو روشن کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صاف توانائی کی جانب منتقلی کے وعدے کو اجتماعی عزم اور عملی اقدامات کے ذریعے پورا کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان صاف توانائی کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔