صوابی:
تھانہ صوابی کی حدود میں دوران گشت پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انچارج پولیس چوکی سمیت دو اہلکار شہید اور ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی رات انچارج پولیس چوکی منصوری پی اے ایس آئی ولید خان، کانسٹیبل ذوالفقار اور شاہد معمول کے مطابق علاقہ تھانہ صوابی کی حدود میں واقع موضع گوہاٹی محلہ انڈیا چم میں گشت پر جا رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
نتیجے میں انچارج پولیس چوکی منصوری پی ایس آئی ولید خان سکنہ ٹوپی، کانسٹیبل ذوالفقار خان سکنہ کالو خان موقع پر شہید جبکہ کانسٹیبل شاہد خان سکنہ نارنجی شدید زخمی ہو گئے۔
شہداء اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر باچہ خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور صوابی منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ شہید اہلکار ولید خان کے والد پولیس اہلکار عارف خان بھی جام شہادت نوش کر چکے تھے۔