پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیے کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31 ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس سے خطاب کیا


عامر الیاس رانا November 11, 2026
فوٹو: فیس بک

وزیراعظم شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان صاف توانائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیے کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31 ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ’2035 تک گرین انرجی پر منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘ کے عنوان سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے پاکستان کا پرعزم لائحہ عمل پیش کیا اور موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی مالی معاونت میں اضافے اور سستی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر زور دیا۔

انہوں نے حکومتی اقدامات اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے توانائی کے مجموعی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ اب تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے اور شرکا کو بتایا کہ انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا جو جدید ترین منصوبہ ہے اور قومی گرڈ میں 1,200 میگاواٹ صاف بجلی شامل کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں متعارف کرائی گئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹر سائیکلیں الیکٹرک ہوں گی، رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر 10 موٹر سائیکلوں میں سے پہلی مرتبہ ایک سے زائد الیکٹرک موٹر سائیکلیں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گرین انرجی کی جانب منتقلی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے تاہم مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل مالی معاونت ناگزیر ہے، پاکستان کو 2035 تک کم کاربن اخراج کے حامل بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہیں جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

ترقی پذیر ممالک کو درپیش مالی مشکلات اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کو وسعت دینے، توانائی ذخیرہ کرنے کے قابل اعتماد نظام کو یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کو قابل برداشت بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری درکار ہے جس کا بوجھ بھاری قرضوں میں جکڑی معیشت تنہا برداشت نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ رعایتی شرائط پر مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائیں اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کریں، صاف توانائی کے بلند عزائم پر مبنی اہداف صرف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی معاونت کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2035 تک 35 فیصد کا ہدف اسی صورت حاصل ہو گا جب رعایتی سرمایہ اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے مالی وسائل کی فراہمی ہمارے عزائم کی رفتار کے مطابق ہو گی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسا ترقیاتی ماڈل اپنائے جو اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممالک کو اپنے عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور معیشتوں کو ترقی دینے کے قابل ہونا چاہیے تاہم اس عمل میں کرہ ارض کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آئیے! عہد کریں کہ ہم اپنے عوام کو غربت میں دھکیلے بغیر اپنی معیشتوں کو توانائی فراہم کریں گے اور کرہ ارض کو تاریک کیے بغیر اپنے گھروں کو روشن کریں گے اور زور دیا کہ صاف توانائی کی جانب منتقلی کے وعدے کو اجتماعی عزم اور عملی اقدامات کے ذریعے پورا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان صاف توانائی کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔