زمبابوے نے پاکستان میں کھیلوں کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دے دیا

ویب ڈیسک  اتوار 1 نومبر 2020
سیکورٹی کے انتظامات انتہائی شاندار ہیں یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، چیئرمین زمبابوے کرکٹ بورڈ۔ فوٹو : فائل

سیکورٹی کے انتظامات انتہائی شاندار ہیں یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، چیئرمین زمبابوے کرکٹ بورڈ۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: زمبابوے نے پاکستان میں کھیلوں کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دیگر بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان آکر کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین تاوینگوا موکوہلانی کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ کی دنیا کا اہم رکن ہے، یہاں انٹرنیشل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، پاکستان نے کرکٹ کی دنیا کو بہت نامور کھلاڑی دیے، سیکورٹی کے انتظامات انتہائی شاندار ہیں یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہمیں لگتاہے کہ ہم اپنے گھر پرہیں، پاکستان کی میزبانی پر شکر گزار ہیں، ہمارا بہت خیال رکھا جا رہا ہے۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیرمین نے تمام دیگر بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان آکر کرکٹ کھیلنے کا بھی مشورہ دیا تاوینگوا موکوہلانی کا مزید کہنا تھا کہ  پاکستان نے ہمارے بھارتی کوچ کو ویزہ جاری کر دیا تھا تاہم بھارتی حکومت نے ہی اپنے سفارتخانے کے ذریعے اپنے کوچ کو دورہ پاکستان سے روکنے کی درخواست کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے ساتھ کرکٹ کے تعلقات بہت پرانے ہیں، پاکستان نے زمبابوے کی آغاز میں بہت مدد کی، زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پہلا انٹرنیشنل دورہ پاکستان کا ہی کیا تھا، امید ہے زمبابوے دوبارہ عالمی سطح پر اچھی ٹیم بن کر ابھرے گی۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کی سیکورٹی ٹیم سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کل پاکستان پہنچے گی، لاہور اور کراچی بھی جائے گی جب کہ دورہ پاکستان کرنے والی تمام ٹیموں کے مشکور ہیں، انگلینڈ اور اسڑیلیا کی کرکٹ ٹیموں کے دورے بھی آئندہ سال متوقع ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔