تیسرا ون ڈے؛ زمبابوے نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دیدی

ویب ڈیسک  منگل 3 نومبر 2020
پاکستان بابراعظم کی سنچری کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکا - فوٹو: آئی سی سی

پاکستان بابراعظم کی سنچری کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکا - فوٹو: آئی سی سی

 راولپنڈی: زمبابوے نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی جب کہ پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ 

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں مقابلہ ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور خوشدل شاہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن افتخار پہلی اور خوشدل شاہ چوتھی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد پاکستان نے صرف 3 رنز کا ہدف دیا جو زمبابوے نے آسانی سے پورا کرلیا۔

https://twitter.com/ICC/status/1323651389176905729

زمبابوے کے بلیسنگ موزارابانی کو پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ جب کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1323638955087155201

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 279 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام دکھائی دیا، دونوں اوپنرز صرف 6 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، امام الحق 4 اور فخرزمان 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

تیسرے نمبر پر کپتان بابراعظم خود بیٹنگ کے لیے آئے اور وکٹ کی ایک سائیڈ کو سنبھالے رکھا تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، حیدر علی نے جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن ان کی اننگز بھی صرف 13 رنز تک محدود رہی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ایک بار پھر مایوس کیا اور صرف 10 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1323628180314427392

بابراعظم اس دوران ذمہ دارنہ کھیل پیش کرتے رہے اور افتخار احمد کے ساتھ 37 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم افتخار 18 رنز ہی بناسکے جس کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے خوشدل شاہ نے بابراعظم کے ساتھ ملکر 63 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم وہ 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1323631279494103041

بابراعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بطور کپتان پہلی اور ون ڈے میں مجموعی طور پر 12ویں سنچری مکمل کی، اس دوران آخر میں وہاب ریاض نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سنچری بنائی تاہم وہ 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

بابراعظم 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 49ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے جس کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لیے آخری اوور میں 6 گیندوں پر 13 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی تھی تاہم موسیٰ خان نے آخری اوور میں 2 چوکے لگاکر میچ برابر کردیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوگا۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1323636044563173377

اس سے قبل زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز برین چاری اور چامو چبھابھا نے کیا، دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 22 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

22 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد شان ولیمز اور برینڈن ٹیلر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، برینڈن ٹیلر نے 56 رنز کی اننگز کھیلی تاہم محمد حسنین کی گیند پر وہ آؤٹ ہوگئے جب کہ شان ٹیلر نے سنچری مکمل کی اور 118 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1323569624852692993

ویسلے میدھویرے اور سکندر رضا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 278 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1323536272917450752

واضح رہے کہ زمبابوے سے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم پہلے ہی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکی ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 26 رنز جب کہ دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔