کراچی پولیس نے مزار قائد بے حرمتی کیس جھوٹا قرار دے دیا

ویب ڈیسک  پير 9 نومبر 2020
مقدمے سے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج

مقدمے سے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج

 کراچی: پولیس نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا۔

سٹی کورٹ میں مزار قائد بے حرمتی کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا۔

پولیس نے استغاثہ کے اعتراضات دور کرکے حتمی چالان جمع کروادیا اور مقدمے سے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج کردیے۔ محکمہ پراسیکیوشن نے پولیس چالان سے اتفاق کرتے چالان کو بی کلاس کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت کا کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو رہا کرنے کا حکم

چالان کے مطابق مریم نواز کی مزار قائد حاضری کے وقت مزار عام شہریوں کے لئے بند تھا، مزار قائد کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی مدعی مقدمہ موجود نہیں ہے، کال ڈیٹا ریکارڈ کے مطابق مدعی مقدمہ واقعے کے وقت مزار قائد پر موجود نہیں تھا۔

استغاثہ نے اسکروٹنی نوٹ میں کہا کہ مزار قائد سیفٹی اینڈ مینٹیننس آرڈننس ہمارے دائرے اختیار میں نہیں آتا، اگر ایس ایچ او چاہے مزار قائد آرڈننس کے لئے براہ راست علیحدہ کیس داخل کرسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔