خیبر پختون خوا میں مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 9 نومبر 2020
حادثات میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جب کہ 2 خواتین اور ایک بچے کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نہر سے نکال لیا گیا  ۔ فوٹو : فائل

حادثات میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جب کہ 2 خواتین اور ایک بچے کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نہر سے نکال لیا گیا ۔ فوٹو : فائل

مانسہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں حادثات میں 9 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مانسہرہ میں بانڈہ جالگلی کے مقام پر دشوار گزار سڑک سے گزرنے والی جیپ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک عورت سمیت 5 افراد جاں بحق  ہوگئے، مرنے والوں میں منیر، لیاقت، واجد، نواب اور ایک عورت زوجہ شوکت شامل ہیں۔

حادثے میں جیپ ڈرائیور محمد صادق سمیت 3 شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال مانسہرہ پہنچا دیا گیا ہے، پولیس نے لاشوں کو بھی کھائی سے نکال لیا ہے جب کہ جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق ایک ہی گاوٴں سے ہے، ان کی نماز جنازہ کل بانڈہ جالگلی میں ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروا کے قریب  خواتین اور بچوں سے بھرا رکشہ  نہر میں جا گرا، 4 خواتین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، باقی کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق رکشہ سی آر بی سی نہر میں مکمل ڈوب گیا جس  میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد سوار تھے، ریسکیو آپریشن کے بعد  4 خواتین کی لاشیں مل گئی ہیں جب کہ 2 خواتین اور ایک بچے کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا ہے باقیوں کو ریسکیو  کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔