لاہور کے قبضہ مافیا منشا بم کے 4 بیٹے گرفتار

ویب ڈیسک  پير 16 نومبر 2020
ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ، آٹو میٹک گنز اور پسٹلز برآمد

ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ، آٹو میٹک گنز اور پسٹلز برآمد

لاہور کے بدنام زمانہ قبضہ مافیا منشا بم کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اس کے بیٹوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی صدر حفیظ الرحمٰن بگٹی کے مطابق دہشت کی علامت سمجھے جانے والے قبضہ مافیا منشا بم کے 4 بیٹے عامر منشاء، عاصم، طارق اور فیصل کو گرفتار کرلیا گیا تاہم منشاء بم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

یہ پڑھیں: قبضہ مافیا گروپ کا سرغنہ منشا بم سپریم کورٹ سے گرفتار

ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ، آٹو میٹک گنز اور پسٹلز برآمد ہوئے۔ چاروں ملزمان کو حوالات میں بند کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔ منشاء بم قبضہ مافیا پر قبضے، بھتہ، قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت سنگین جرائم کے 77 مقدمات درج ہیں۔

ایس پی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن بگٹی نے کہا کہ منشاء بم قبضہ مافیا کے بیٹوں پر مقدمات درج ہونے کے باوجود ملزمان آج تک گرفتار نہ ہوسکے، ملزمان کےخلاف شہر بھر سے شریف شہریوں کو ڈرانے دھمکانے اور قبضے کرنے کی کوششوں کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، اس پر سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ کی خصوصی ہدایت پر قبضہ گروپوں کےخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

یہ پڑھیں: سپریم کورٹ کا منشا بم کی گرفتاری اور تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم

سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا، شہر بھر میں کوئی قبضہ مافیا سر اٹھانے نہ پائے، قبضہ مافیا نے شریف شہریوں کو زندگیاں اجیرن بنائی ہوئیں تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔