ہندو لڑکے کے ساتھ شادی سے انکار پر مسلم لڑکی کو زندہ جلا دیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
گلناز کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی، فوٹو : آئی بی سی اردو

گلناز کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی، فوٹو : آئی بی سی اردو

بہار: بھارت میں ہندو لڑکے کے ساتھ شادی سے انکار پر 20 سالہ مسلم لڑکی گلناز کو زندہ جلادیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع ویشالی میں 3 افراد نے 20 سالہ مسلم لڑکی گلناز پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔ گلناز کو اسپتال لے جایا گیا تاہم اُس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

اسپتال لے جاتے ہوئے گلناز نے ویڈیو پیغام میں آگ لگانے کا الزام ستیش نامی نوجوان پر عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ستیش بار بار شادی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا اور ہر بار میں نے انکار کردیا تھا۔

گلناز نے مزید بتایا کہ کچرا پھینکنے سے دروازے سے باہر آئی تو ستیش نے اپنے والد اور ایک اور شخص کی مدد سے مجھے گھسیٹ کر لائے اور پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گلناز کا جسم 75 فیصد تک جل گیا تھا اور وہ دوران علاج دم توڑ گئی جس پر والدین نے بیٹی کی لاش کو سڑک پر رکھ کر احتتجاج بھی کیا۔ ملزمان کے بااثر ہونے کے باعث تاحال گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔