حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، سربراہ تحریک لبیک

آصف محمود  اتوار 22 نومبر 2020
ایسی صورت میں مرکزی مجلس شوری کا اجلاس بلا کر فیصلہ کیا جائے گا، نو منتخب امیر حافظ سعد رضوی (فوٹو : فائل)

ایسی صورت میں مرکزی مجلس شوری کا اجلاس بلا کر فیصلہ کیا جائے گا، نو منتخب امیر حافظ سعد رضوی (فوٹو : فائل)

 لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر حافظ سعد رضوی نے کہا ہے حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو تحریک لبیک بھی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی تاہم معاون خصوصی وزیراعظم طاہر اشرفی نے تحریک لبیک کو معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک لبیک کے نومنتخب امیر اور علامہ خادم حسین رضوی کے بڑے صاحبزادے حافظ سعد رضوی نے کہا ہے کہ حکومت نے تحریک کی مرکزی شوری کے ممبران کے ساتھ جو معاہدہ کیا تھا امید ہے کہ حکومت اس پرعمل کرے گی لیکن اگر حکومت اس معاہدے سے روگردانی کرتی ہے تو پھر ہم بھی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، ایسی صورت میں مرکزی مجلس شوری کا اجلاس بلا کر فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کی قیادت کے ساتھ حکومت نے جو معاہدہ کیا ہے اسے پورا کیا جائے گا۔

تحریک لبیک کے نئے امیر کا فیض آباد دھرنے میں اہم کردار
 تحریک لبیک پاکستان کے نوجوان امیرحافظ سعد رضوی غیر شادی شدہ ہیں، انہوں نے انٹر کے بعد درس نظامی کیا، تحریک لبیک کے سوشل میڈیا ونگ کوبھی دیکھتے رہے ہیں جبکہ فیض آباد دھرنے کی پلاننگ میں بھی ان کا اہم کردارتھا، وہ اپنے والد کے سب سے زیادہ قریب اور تحریکی کاموں میں سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعد حسین رضوی تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر مقرر

تحریک لبیک کے مرکزی رہنما اظہرحسین نے ’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حافظ سعد رضوی طبیعت کے اعتبارسے انتہائی باادب اور  ملنسار ہیں، پروٹوکول کے قائل نہیں بلکہ خود اپنے ہاتھوں سے کام کرنے والی شخصیت ہیں، کارکنان کے ساتھ ان کا انتہائی محبت اور پیار کا رشتہ ہے اور وہ اپنے والد گرامی کی زندگی میں بھی تحریکی امور کو دیکھتے رہے ہیں۔

دریں اثنا خادم حسین رضوی کی رسم قل جامعہ مسجد داتا دربار میں ادا کردی گئی جس میں علما کرام مشائخ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رسم قل میں ملک بھر سے سیکڑوں عقیدت مند بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پرسعد رضوی کا کہنا تھا کہ وعدہ کرتا ہوں ناموس رسالت کے تحفظ اور ختم نبوت کی پاسبانی اور دین کو غالب کریں گے، جہاں کارکن کا پسینہ گرے گا وہاں رہنماﺅں کا خون لڑے گا، ہر جانب سے اسلام اور ناموس رسالت و پاکستان کی طرف آنے والے تیروں کو سینوں پر لیں گے، ریاست و سیاست میں ہر جگہ ایک ہی نعرہ لبیک یارسول اللہﷺ لگائیں گے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ میں شہادت دیتا ہوں کہ پاسبان ختم نبوت نے پیمان وفا باندھا تھا اور آخری سانس تک باندھا، علامہ خادم حسین رضوی دنیاوی رشتے سے میرے کچھ نہیں تھے لیکن روحانی طور پر سب کچھ تھے، میں تحریک لبیک کا رکن نہیں رہا لیکن ان کے ساتھ رہا، علامہ خادم رضوی نے اپنے آپ کو حسینیتؓ کے کردار میں ڈھالا، خادم رضوی نے جو شعلے محمد مصطفیﷺ کی محبت کے جگائے ہیں وہ وگوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔