2020 کی تیسری سہ ماہی، تجارتی سرگرمیوں کی بحالی سے صارفین کا اعتماد بڑھا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 25 نومبر 2020
مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ نہیں کیا گیا توکامیابیاں ضائع ہوسکتی ہیں، ڈن اینڈ بریڈ اسٹریٹ اور گیلپ کی رپورٹ
  فوٹو : فائل

مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ نہیں کیا گیا توکامیابیاں ضائع ہوسکتی ہیں، ڈن اینڈ بریڈ اسٹریٹ اور گیلپ کی رپورٹ فوٹو : فائل

 کراچی:  مالی سال 2020 کی تیسری سہ ماہی میں صارفین کے اعتماد میں بہتری آئی ہے جب کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے، تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور مستقبل میں بہتری کی توقعات صارفین کے اعتماد میں اضافے کی بنیادی وجوہ ہیں۔

ڈن اینڈ بریڈاسٹریٹ پاکستان اور گیلپ پاکستان نے مالی سال 2020کی تیسری سہ ماہی پر پاکستانی صارفین کے اعتمادکے اشاریوں پر مبنی تیسری رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مالی سال 2020 کی تیسری سہ ماہی میں صارفین کے اعتماد میں بہتری آئی ہے، لاک ڈاؤن ختم ہونے، تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور مستقبل میں بہتری کی توقعات صارفین کے اعتماد میں اضافے کی بنیادی وجوہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تیسری سہ ماہی میں سی سی آئی دوسرے سہ ماہی کے 79.1پوائنٹس کے مقابلے میں 88.7پوائنٹس رہا جو سہ ماہی بنیاد پر 12 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے لیکن مالی سال 2020 کی تینوں سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر صارفین کا اعتماد مایوسی کا شکار رہا تاہم تیسری سہ ماہی میں صارفین کا اعتماد15.3فیصد بڑھا۔

ڈن اینڈ بریڈ اسٹریٹ کے کنٹری منیجر نعمان لاکھانی نے کہا ہے کہ گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں زیر تبصرہ سہ ماہی میں صارفین کے اعتماد میں 7فیصد اضافے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کا اشارہ ملتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ رپورٹ پاکستان میں پالیسی سازوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں، نجی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ریگولیٹرز اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کیلیے معلوماتی اور کارآمدہونے کے علاوہ یہ رپورٹ خاص طور پر مختلف صنعتوں کو صارفین کی ذہنیت اور مارکیٹ کی نبض کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔