علمِ نجوم کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 29 نومبر 2020
آپ کا یہ ہفتہ کیسا ہوسکتا ہے؟

آپ کا یہ ہفتہ کیسا ہوسکتا ہے؟

29 نومبر تا 6 دسمبر 2020

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
30 نومبر کا چاند گرہن آپ کے مواصلاتی نظام، سفر اور قریبی رشتے داروں کے گھر لگ رہا ہے سورج اعلٰی ذہانت اور محبوب کے گھر کا نمائندہ ہوکے خوش قسمتی کے گھر ہوگا لہذا ان امور میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔ کوئی جذباتی قدم نہ اٹھائیں کیوںکہ آنے والے دنوں میں معاملہ خراب ہوسکتا ہے۔ پہلی اور دو تاریخ کیریر میں کوئی فیصلہ کن مرحلہ آسکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
30 نومبر کا چاند گرہن آپ کے پیسے اور مال متاع کے گھر ہورہا ہے۔ آپ کا ذاتی اور مالی امور کے سیارگان کم زور حالت میں مخالفین کے گھر ہوں گے۔ کسی فریب میں نہ آئیں کسی سے مالی لین دین سے پہلے خوب تسلی کرلیں دھوکادہی یا چوری کا اندیشہ ہے چار اور پانچ دسمبر ان ایام میں کوئی اہم کال یا رابطہ ہوسکتا ہے۔ محبت کے نام پر بھی فریب ہوسکتا ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
آپ کا ذاتی سیارہ عطارد کم زور گھر سے گزر رہا ہے۔ آپ گذشتہ کئی دنوں سے کچھ مسائل کا سامنا کررہے تھے اور 30 کو ایسا لگے گا کہ جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں لیکن ایک لمبے قد کے دوست کے تعاون سے آپ اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے، دو لوگ تعاون کریںگے جن کا تعلق حکم راں طبقے سے ہوسکتا ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
کوشش کیجیے کہ آخری تاریخوں میں کوئی فیصلہ کرنے سے گریز کریں کوئی مالی مشکل ہوسکتی ہے چار اور پانچ تاریخوں میں آپ اپنے اندر ایک توانائی اور ہمت محسوس کریں گے۔ یہ کچھ بہتر وقت ہوسکتا ہے جب آپ کوئی فیصلہ لیں۔ ہفتہ اور اتوار مالی فائدہ ہوسکتا ہے لیکن یہ گھی سیدھی انگلیوں سے نہیں نکلے گا۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
تیس تاریخ کو بچوں کے حوالے سے کوئی الجھن ہوسکتی ہے۔ محبوب بے وفائی کا تحفہ دے سکتا ہے کچھ دوستوں کے چہرے سے نقاب الٹ سکتا ہے۔ یہ وقت آپ کے لیے اہم ہے جذباتی بالکل نہ ہوں جائز اور ناجائز کے درمیان تمیز اور حق پر رہنا مشکل ہوسکتا ہے اور یہ حالات کچھ دن رہ سکتے ہیں محتاط رہیں۔ صدقہ لازمی دیں۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
30 تاریخ کا چاند گرہن آپ کے عزت و وقار کے خانے میں لگے گا کچھ دوستی کے روپ میں چھپے چہرے بے نقاب ہوسکتے ہیں اور آپ کے وقار کو داغ دار کرنے کی کوشش کریں گے آپ کو سفر فائدہ دے گا رابطے بڑھیں گے۔ پہلی یا دو تاریخ آپ کے کم زور دوست بھی آپ کو قوت دینے کی پوزیشن میں آجائیں گے۔ مالی فائدہ ہوسکتا ہے اپنے معدے کا خیال رکھیں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کے کیریئر میں اچھی بہتری آرہی ہے۔ کچھ دوستوں کا اس میں کردار ہوگا، چار اور پانچ تاریخیں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ آپ کے لیے اس ہفتے میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں
مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ شریکِ حیات کے ساتھ تعلقات اچھے رہیں گے۔ ہفتہ اور اتوار دوست کام آنا پسند کریں گے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
صحت کا خیال رکھیں معدے اور جسم کا نچلے حصے میں کوئی تکلیف اچانک ہوسکتی ہے۔ چار اور پانچ تاریخ اہم ہیں ان تاریخیں میں گذشتہ دو دنوں میں بگڑے معاملات کو ٹھیک کرنے میں مدد ملے گی خفیہ تعلقات سے گریز کریں۔
آپ کی جیب میں پیسہ آئے گا لیکن کچھ قریبی لوگوں پر خرچ ہوجائے گا سیونگ نظر نہیں آتی۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبر تا 22 دسمبر
والدین کی صحت کا خیال رکھیں۔ کسی مورثی، پرانے، خاندانی، مرض خصوصاً خفیہ جنسی امراض کا اندیشہ ہے۔
ہفتے اور اتوار کو مالی فائدہ غیرمتوقع طور پر ہوسکتا ہے۔
اس ہفتے مذہب سے منسلک کچھ روایات سے آپ دور ہوتے نظر آتے ہیں۔ تحقیق اور تلاش کا سلسلہ جاری رکھیں لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہ لیں اور حرفِ آخر نہ سمجھیں ابھی کچھ اور نقاب ہٹنے ہیں۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
30 نومبر کا چاند گرہن آپ کی صحت، کام کاج کے خانے میں لگے گا۔ چاند چوںکہ آپ کے شریکِ حیات سے متعلق ہے لہٰذا ازدواجی امور میں محتاط رہیں۔ چار اور پانچ دسمبر کچھ بہتر دن ہونے کی امید ہے۔ تعلقات بڑھیں گے ممکن ہے کوئی نیا شخص آپ کے حلقہ میں داخل ہو۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
گذشتہ ہفتے کے مسائل اب حل ہوتے نظر آتے ہیں ، چاند گرہن کے دن کسی عزیز سے تعلقات میں خرابی ہونے کا اندیشہ ہے۔ آپ جو ایک عرصے سے ساڑھ ستی سے گزر رہے تھے اب جلد وہ تاریک رات کٹنے والی ہے اور گذشتہ برداشت کی گئی تکالیف آپکو مستقبل بہتر بنانے میں مدد دیں گی۔ سفر کے دروازے کھلے ہیں ۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
دوستوں اور امیدوں کے پیڑ سبز ہورہے ہیں اور آپ کو بڑے بڑے فائدے مل سکتے ہیں۔ چار اور پانچ تاریخیں بہت اچھی ہیں۔ ممکن ہے آپ موجودہ جاب چھوڑ دیں یا یہ پراجیکٹ چھوڑ دیں اور ایک نیا راستہ اختیار کرلیں۔ یہ وقت آپ کے کیریر میں تبدیلی کا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔