ملک بھر میں مزید 3045 افراد میں کورونا کی تصدیق، 45 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 نومبر 2020
ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار 942 مصدقہ مریض جاں بحق ہوچکے ہیں فوٹو: فائل

ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار 942 مصدقہ مریض جاں بحق ہوچکے ہیں فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے مزید 3 ہزار 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 45 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 48 ہزار 223 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس کے بعد مجموعی کویڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 54 لاکھ 35 ہزار 139 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 45 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

کہاں کتنے کورونا مریض

ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 92 ہزار 356 ہو گئی ہے جب میں سے 3 لاکھ 37 ہزار 553 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 861 ہے۔

سندھ میں ایک لاکھ 70 ہزار 206، پنجاب میں ایک لاکھ 17 ہزار 898، خیبر پختونخوا میں 46 ہزار 604، بلوچستان میں 17 ہزار 46، اسلام آباد میں 29 ہزار 427، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 556 اور گلگت بلتستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار 619 ہے۔

کس صوبے میں کتنا جانی نقصان

ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار 942 مصدقہ مریض جاں بحق ہوچکے ہیں، کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 960 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار 897، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 355، اسلام آباد میں 307، گلگت بلتستان میں 97، بلوچستان میں 165 اور آزاد کشمیر میں 161 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پا نی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔