سیمی نے ویسٹ انڈیز کو شکست کے منہ سے نکال لیا

پہلے ون ڈے میں ناقابل شکست 43 رنز، کیویز کیخلاف ٹیم 2 وکٹ سے فتحیاب


AFP December 27, 2013
آل راؤنڈر 43 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، مچل میک کلینگن نے 5 وکٹیں لیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پہلے ون ڈے میں سیمی نے ویسٹ انڈیز کو شکست کے منہ سے نکال لیا، لو اسکورنگ میچ میں کیویز کو 2 وکٹ سے شکست ہوگئی، 157 رنز کا ہدف 8وکٹ پر حاصل کیا، آل رائونڈر 43 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، مچل میک کلینگن نے 5 وکٹیں لیں۔

اس سے پہلے پوری کیوی سائیڈ 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی، برینڈن میک کولم نے ففٹی بنائی، ڈیوائن براوو نے 4پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق157 رنزکے تعاقب کی شروعات میں ہی میک کلینگن نے کیریبیئن سائیڈ پر حملے شروع کر دیے، انھوں نے کیرن پاول (4) ، جانسن چارلس ( 9)، ڈیرن براوو (14) اور ڈیوائن براوو (12) کی وکٹیں لیں، لینڈل سائمنز نے بیٹنگ لائن کو کچھ سنبھالا دیتے ہوئے 34 رنز بنائے تاہم انھیں کائیل ملز کی گیند پر روس ٹیلر کا کیچ قرار دیا گیا، خود ٹیلر کو اس بات کا یقین نہیں تھا کہ انھوں نے گیند کو پوری صفائی سے تھاما ہے، کئی بار ری پلیز کا معائنہ کرنے کے بعد امپائر نے اسے کیچ قرار دیا۔

 photo 6_zpsf6fb8e7d.jpg

نرسنگھے دیونرائن(6)، دنیش رامدین (2) اور جیسن ہولڈر (10) مزاحمت ہی نہیں کرپائے، دوسرے اینڈ سے سابق کپتان ڈیرن سیمی حالات کا نزاکت کو سمجھتے ہوئے جارحانہ اننگز کھیلنے لگے، جب فتح کے لیے صرف 10 رنز درکار تھے تو انھوں نے میک کلین گن کو پہلے چھکا اور پھر چوکا جڑ کر اپنی ٹیم کو 27.3 اوورز میں فتح کی دہلیز پار کرا دی، انھوں نے 27 بالز پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کیے، میک کلینگن نے 58 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈین بولرز کے سامنے کیویز نے 156 پر ہتھیار ڈالے، برینڈن میک کولم نے 51 اور ان کے بھائی ناتھن میک کولم نے 47 رنز اسکور کیے، دیوائن براوو نے 4 جبکہ جیسن ہولڈراور روی رامپال نے2،2وکٹیں لیں۔