پی سی بی کا فٹنس بحال کرنے کیلیے عرفان کو دبئی میں ٹریننگ کرانے کا فیصلہ

فوری طور پر عرفان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں ہے۔


Sports Reporter December 27, 2013
فوری طور پر عرفان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں ہے۔ فوٹو: فائل

فٹنس بحال کرنے کیلیے فاسٹ بولر محمد عرفان کو دبئی میں ٹریننگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق طویل قامت پیسر کو یو اے ای بھیجا جارہا ہے جہاں قومی ٹیم کے ٹرینر ڈیل نائلر فٹنس بحال کرانے کیلیے کام کریں گے۔ محمد عرفان جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں منعقدہ سیریز کے دوران بہترین فارم میں نظر آئے لیکن ڈاکٹرزکے منع کرنے کے باوجود مینجنٹ نے انھیں کھلانے کا سلسلہ جاری رکھا جس کی وجہ سے وہ کولہے میں شدید تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔پیسر نے 2ٹیسٹ میچز میں 65.5 اور5 ون ڈے میں48اوورز کیے۔ پہلے ٹوئنٹی میچ میں وہ صرف2 اوورز کرسکے، عام خیال یہی تھا کہ دوسرے میچ میں انھیں آرام دیا جائے گا لیکن ڈاکٹر کی ہدایت کے برخلاف مینجمنٹ نے انھیں کھلانے کا خطرہ مول لیا اور وہ دوسرے ہی اوور میں ان فٹ ہوکر میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوگئے۔پی سی بی کے مطابق محمد عرفان 28 دسمبر کو دبئی جائیں گے جہاں وہ ڈیل نائلر اور ڈاکٹر فیصل کی نگرانی میں فٹنس بحال کرنے کی کوشش کرینگے، فوری طور پر ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں ہے۔