چڑیا گھر کے 4 شیروں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

ویب ڈیسک  بدھ 9 دسمبر 2020
پہلے چڑیا گھر کے دو ملازمین کو کورونا ہوا جس کے بعد شیروں میں بھی علامات ظاہر ہوئیں، فوٹو : رائٹرز

پہلے چڑیا گھر کے دو ملازمین کو کورونا ہوا جس کے بعد شیروں میں بھی علامات ظاہر ہوئیں، فوٹو : رائٹرز

میڈرڈ: اسپین کے ایک چڑیا گھر میں 2 ملازمین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد چار شیروں میں بھی علامات ظاہر ہونے لگیں جس پر ٹیسٹ کیا گیا تو شیروں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس نے اسپین میں انسانوں کو متاثر کرنے کے بعد بارسلونا کے چڑیا میں موجود شیروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تین شیرنیوں اور ایک شیر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا کی شکار ہونے والی شیرنیوں کے نام رن رن، زالا اور نیما ہیں جب کہ شیر کا نام کیومبے ہے۔ ان شیروں میں وائرس کی منتقلی سے متعلق ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا وائرس نے شیروں کا شکار بھی شروع کردیا

کورونا سے متاثر ہونے والے شیروں کی حفاظت کے لیے اقدامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے جب کہ ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم سے ان کی نگرانی اور معائنہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ جانوروں میں کورونا وائرس کی منتقلی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل اپریل میں نیویارک کے چڑیا گھر میں بھی 7 شیروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔