وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت کے تعاون سے صوبے کے تمام متحرک مسلح گروہوں کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے.
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کی اور صوبے میں قیام امن کیلئے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بلوچستان میں سیکیورٹی کے نام پر بنائے گئے مسلح گروپس کو ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ صوبے کے تمام متحارب گروپوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے مذاکراتی عمل شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مذاکرات سے قبل مسلح گروپ بنانے کی سابقہ حکومتی پالیسیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلی بلوچستان کو یقین دلایا کہ صوبے کی ترقی، قانون کی بالادستی اور قیام امن کے لئے صوبائی حکومت کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔