لٹیرے کوئی بھی ہتھکنڈا اختیار کرلیں مجھے فرق نہیں پڑتا عمران خان

مستقبل میں پی ڈی ایم کے بلیک میل کرنے اور بھی منصوبے ہوسکتے ہیں لیکن میری حکومت کبھی بھی این آر او نہیں دے گی


ویب ڈیسک December 13, 2020
مستقبل میں پی ڈی ایم کے بلیک میل کرنے اور بھی منصوبے ہوسکتے ہیں لیکن میری حکومت کبھی بھی این آر او نہیں دے گی (فوٹو : فائل)

QUETTA/ ISLAMABAD/ لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لٹیرے کوئی بھی ہتھکنڈا اختیار کرلیں مجھے فرق نہیں پڑتا، میری طرف سے انہیں این آر او کبھی بھی نہیں ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کے بعد ٹویٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج مجھ سے این آر او مانگنے کے لیے بڑی اور انتہائی مہنگی کوشش کی گئی، افسوس کے ساتھ کہتا ہوں میرا ہمیشہ کی طرح انہیں ایک ہی جواب ہے کہ این آر او نہیں ملے گا۔



عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے بہت ساری رقم اور وقت صرف کرکے سنگ دلی کا مظاہر کیا اور لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں، اپوزیشن کے اس عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے لیے شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کتنی اہم ہے، یہ سب صرف اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے اور این آر او کے لیے مجھے بلیک میل کر رہے ہیں۔

یہ پڑھیں : پی ڈی ایم کا جنوری کے آخر یا فروری کے آغاز پر لانگ مارچ کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ ایک بار پھر اعادہ کرتا ہوں کہ میں کبھی انہیں این آر او نہیں دوں گا، مستقبل میں پی ڈی ایم کے بلیک میل کرنے اور بھی منصوبے ہوسکتے ہیں لیکن میرا پیغام واضح ہے میری حکومت کی طرف سے کبھی بھی کوئی این آر او نہیں آئے گا، لٹیرے کوئی بھی ہتھکنڈا اختیار کریں، مجھے فرق نہیں پڑتا۔