بلدیاتی انتخاباتکاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے مراکز پر رینجرز کے چھاپے

ڈی سی وسطی کے دفتر میں رینجرز کے داخل ہونے پر بھگدڑ مچ گئی،امیدواروں کے دستاویزات اور شناختی کارڈز چیک کیے


Staff Reporter December 28, 2013
رینجرز کے طرز عمل پر امیدواروں کی الیکشن کمیشن سے مداخلت اور پرامن ماحول مہیا کرنے کی اپیل کردی فوٹو:فائل

رینجرز کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کے موقع پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مقامات پر تلاشی لینے کے عمل نے امیدواروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، رینجرز کی جانب سے امیدواروں کی دستاویزات اور شناختی کارڈز چیک کیے جانے کے عمل پر امیدواروں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعہ کو بھی ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے دفتر کی عمارت میں رینجرز کی بھاری نفری داخل ہو گئی اور انھوں نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے دستاویزات اور شناختی کارڈز چیک کیے، رینجرز کی آمد پر ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی عمارت میں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اس موقع پر خواتین بھی وہاں موجود تھیں، رینجرز کے ہمراہ نقاب پوش اہلکار بھی موجود تھے، عمارت کے مختلف کمروں اور مقامات کا جائزہ لینے کے بعد رینجرز اہلکار واپس چلے گئے، تفصیلات کے مطابق رینجرز کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کے موقع پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مقامات پر سرپرائز چیکنگ اور وہاں آئے ہوئے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی سمیت ان کے شناختی کارڈز طلب کر کے دیکھنے کے عمل نے امیدواروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، ڈپٹی کمشنر ضلعی وسطی ڈاکٹر سیف الرحمن کے دفتر کی عمارت میں جمعہ کو پونے12بجے کے قریب رینجرز کی بھاری نفری داخل ہوئی ۔



جس میں نقاب پوش رینجرز اہلکار بھی موجود تھے، انھوں نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آنے والے متعدد افراد کے دستاویزات اور شناختی کارڈز چیک کیے، رینجرز کی بھاری نفری کو دیکھ کر وہاں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آنے والے جن میں خواتین بھی شامل تھیں ان افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اس موقع پر بھگدڑ بھی مچ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی عمارت میں قائم مختلف کمروں اور لان سمیت دیگر مقامات کا جائزہ لیا، ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ کسی کی اطلاع پر وہاں آئے تھے اور مطلوبہ شخص کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے تھے، آدھے گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی تلاشی کے بعد رینجرز اہلکار کسی کو بھی حراست میں لیے بغیر واپس چلے گئے۔

اس حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آنے والوں نے الیکشن کمیشن سے رینجرز اہلکاروں کی جانب سے خوف و ہراس پھیلانے کی شکایت کی جس پر انھیں کہا گیا کہ وہ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کو تحریری درخواست جمع کرائیں، واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی عمارت میں5 سب ڈویژنز نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ناظم آباد اور گلبرگ کے دفاتر ہیں اور وہاں پر تعینات اسسٹنٹ کمشنرز کو ریٹرنگ آفیسر نامزد کیا گیا ہے، ضلع وسطی کے حوالے سے امیدواروں کی بڑی تعداد اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے وہاں پر آئی ہوئی تھی، رینجرز کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کے موقع پر جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی کے مراکز میں داخل ہو کر وہاں پر موجود افراد سے پوچھ گچھ کرنا اور دستاویزات طلب کر کے انھیں چیک کرنے کے عمل کو روکنے کے لیے امیدواروں نے الیکشن کمیشن سے مداخلت کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے امیدواروں کو پرامن ماحول مہیا کیا جائے۔